حیدرآباد: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئینی عدالتیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مطالبہ ہے۔شہید بی بی ، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سوچ جمہوری یہ ہے کہ اتفاق رائے کے ساتھ سب کو ساتھ ملا کر فیصلے کرنے ہیں۔نمبرز کا کوئی مسئلہ نہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چاہتے ہیں کہ اتفاق رائے پیدا ہو۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی دوست یا سیاسی جماعت ناراض نہ ہو، سب اس میں شامل ہوں۔کسی قانونسازی میں تمام سیاسی جماعتیں شامل ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔پیپلز پارٹی نے جے یو آئی کو دعوت دی، پی ایم ایل این سے بات کی، ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی بھی آگے آئے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ترامیم میں پی ٹی آئی بھی حصہ لے، اختر مینگل کی پارٹی بھی آگے آئے۔یہ ملک ایک گلدستہ ہے ، روز روز قانون نہیں بنتے۔اٹھارویں ترمیم صدر آصف علی زرداری کا عظیم کارنامہ ہے، انہوں نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کئے۔ہمارے یہاں تو کوئی ایس ایس ایچ او بھی پاورز دینے کو بھی تیار نہیں ہوتا۔صدر آصف علی زرداری نے 28 ٹو بی کا خاتمہ کر کے بڑی جرئت اور سیاسی میچوئرٹی کا مظاہرہ کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چاہتے ہیں کہ سب کا ساتھ لے کر چلیں۔