محکمہ تعلیمات گلبرگ ٹاؤن کے زیر اہتمام آمد ماہ رمضان کی مناسبت سے مقابلہ حسن قرت کا انعقاد

کراچی: محکمہ تعلیمات گلبرگ ٹاؤن کے زیر اہتمام آمد ماہ رمضان المبارک کی مناسبت سے مقابلہ حسن قرت کا انعقاد کیاگیا جس میں مختلف اسکولوں کے40 سے زائد بچوں نے حصہ لیا۔مقابلہ حسن قرت کی صدارت چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ اور یوسی چیئرمین فاروق نعمت اللہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی جامعہ این ای ڈی کے پروفیسر عبدالحی مدنی تھے۔

اس روح پرور تقریب میں میونسپل کمشنر گلبرگ ٹاؤن عبدالحمید سہاگ ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف،ڈائریکٹر ایڈمن محمد علی، ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد شریف خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سیدہ عائشہ قمر، سینئر سپروائزرز، ایڈمنسٹریشن اسٹاف اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جبکہ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے میڈیا بھی موجود تھا۔

مقابلہ میں حصہ لینے والے طلباء نے انتہائی خوش الحانی کے ساتھ آیات قرآنی کی تلاوت کی خاص طور پر تجوید کے ساتھ خوبصورت انداز میں کلام الٰہی کی آیات مبارکہ کی تلاوت کی جس پر حاضرین نے سبحان اللہ کہہ کر ان کو داد بھی دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ ماہ رمضان تمام مہینوں کا سردار ہے اور اس کی اہمیت قرآن مجید کا نزول ہے قرآن والے اللہ والے ہیں اور جنت والے ہیں یہ ہمارے محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر نصابی سرگرمیاں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہتی ہیں جن کا سہرا ڈائریکٹر ایجوکیشن اور ان کی ٹیم کے حصے میں ہے۔چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نے اس موقع پر گلبرگ ٹاؤن کے شعبہ تعلیم میں تجویدِ قرآن کا مضمون لازمی قرار دیااور تمام کلاسوں میں باقاعدگی سے ایک روز اضافی نصاب کے طور پڑھایا جائے گا۔چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے اپنے خطاب میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور تمام بچوں کو قرآن پاک کی تلاوت کرنے اور یاد رکھنے کی فضیلت سمجھاتے ہوئے ان سے وعدہ لیا کہ آئندہ انشاء اللہ وہ روزانہ قرآن پاک کی تلاوت کو اپنا معمول بنائیں گے اور اسے سمجھنے اور عمل پیرا ہونے کی کوشش کرینگے۔صدر تقریب فاروق نعمت اللہ نے مقابلہ میں حصہ لینے والے طلباء کی کارکردگی کو سراہا اور اساتذہ سے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں میں بچوں کی شرکت کو یقینی بنانے کا اہتمام کریں۔ مقابلہ حُسن قرت کے لئے ججز کے فرائض قاری فیصل وڑائچ، قاری مصدق الامین اور قاری محمد علی سرور نے سرانجام دئیے۔ ان کی معاونت نعت خواں قاری عبداللہ سیالوی نے کی۔

خطبہ استقبالیہ میں ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد شریف خان نے کہا کہ بچوں میں قرآن پاک کی اہمیت اور تلاوت کا شوق اجاگر کرنے اور طلباء کو اس مقدس کتاب کی برکات سے فیض یاب ہونے کے لئے مقابلہ حسن قرآت کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر عبدالحی مدنی نے کہا کہ بچوں کے کریئر کے انتخاب سے پہلے ان کی دینی و اخلاقی تربیت سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ بعد ازاں مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلباء وطالبات کو اعزازی سر ٹیفکیٹس اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں