
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سینٹرل جیل کے اشتراک سے قیدی فنکاروں کے فن پاروں پر مبنی آرٹ اینڈ کرافٹس نمائش کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیاگیا۔
نمائش میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، نگراں صوبائی وزیر داخلہ بریگیڈیئر حارث نواز، سپریٹنڈنٹ جیل خانہ جات حسن سہتو ،پی پی رہنما ناصر حسین شاہ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت پولیس ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ احمد شاہ ہمیشہ ایسے اقدامات کرتے ہیں جس سے فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، بالکل ایسا ہی کام حسن سہتو نے بھی کیا ہے، ہمیں نفرت جرم سے ہونی چاہیے جرم کرنے والے سے نہیں، انسان جب سزا پالیتا ہے تو اسے احساس ضرور ہوتا ہے کہ اس نے کیا اچھا کیا اور کیا بُرا، ان تصاویر کو دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ ایک بُرا انسان بھی بدل سکتا ہے، میری صاحب ثروت افراد سے اپیل ہے کہ وہ یہاں آئیں اور یہ آرٹ خریدیں۔
