
کراچی(رپورٹ: شوکت جانوری) ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کا عام اجلاس چیئرمین حاجی محمد نواز بروہی کی صدارت میں ہوا، ان کے ہمراہ وائس چیئرمین عارف رانااور میونسپل کمشنر آغا خلیق بھی موجود تھے، اجلاس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
اراکین کونسل نے اپنی حدود کے مسائل سے کونسل کو آگاہ کیا،اجلاس میں مختلف قراردادمنظور کی گئی۔
رکن کونسل علی اکبر کاچیلو،کوثر اقبال نے کہا کہ ہمارا ٹاؤن نیا بننا ہے دفتری امور چلانے کیلئے چیئرمین و افسران کیلئے گاڑیوں کی اشد ضرورت ہے،اس کے ساتھ صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کے حوالے سے ہیوی مشینری کی سخت ضرورت ہے، وسیع و عریض حدود ہے اس میں کام کرنے کیلئے فیلڈ اسٹاف کے لئے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی ضرورت ہے، اس کی حکومت سندھ سے اجازت لینے کیلئے قرار داد منظور کی گئی۔
رکن فضل مولاو فرح نے واٹر ٹینکرز اور صفائی کیلئے سوزوکی اور رکشہ کی خریداری کی قرار داد پیش کی جس کو منظوری دی گئی،اس کے ساتھ مستقل آفس کے حصول کیلئے قرارداد بھی منظور کی گئی۔
چیئرمین نواز بروہی نے کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ٹا ؤن نیا بنناہے اس لئے ہمیں اپنے سفر کا آغاز صفر سے شروع کرنا پڑے گا، عیدالاضحی اور محرم الحرام پر سابقہ اداروں کے تعاون سے ہم نے کامیابی سے پروگرام چلایا، لیکن بہت جلد ہمیں تمام تر اختیارات مل رہے ہیں جس کے بعد ہمیں آفس سمیت ہر چیز نئی طرح سے بنانی ہے، تا کہ عوام کی خدمت کے سفر کو کامرانی سے شروع کیا جاسکے، اس میں اراکین کونسل کاساتھ میرے لئے سب سے اہم ہے، اس کے بعد عملے کا تعاون مجھے درکار ہو گا۔ نواز بروہی کا کہنا تھا کہ میں ایک ٹیم تشکیل دے رہا ہوں جس سے مشترکہ کاوشیں زیادہ بہتر انداز میں ہو سکے گی، آج کے کونسل کے اجلاس کا مقصد بھی یہی ہے کہ آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جاسکے،آخر میں پاکستان کی سا لمیت کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔
