وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ بندی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے: آصف سم سم
کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے سابق چیئرمین آصف سم سم نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور جنگ بندی کے قیام میں اہم اور تاریخی کردار ادا کیا ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا ایک بڑی جنگ کے دہانے پر کھڑی تھی، پاکستان نے دانشمندانہ سفارتکاری کے ذریعے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو ممکنہ تباہی سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا
آصف سم سم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ایک ذمہ دار اور امن پسند قوم ہیں جو عالمی سطح پر استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف ایک ایٹمی طاقت ہی نہیں بلکہ ایک سنجیدہ اور باوقار ریاست بھی ہے جو مشکل حالات میں درست فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اس کامیاب حکمت عملی نے عالمی برادری میں ملک کا وقار بلند کیا ہے اور کاروباری برادری کا اعتماد بھی بڑھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کو ایک امن کے داعی ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے، جو کسی بھی بحران میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔
آصف سم سم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اللہ پاک نے ہمیں انعام کے طور پر دیا ہے، ہمارا سپہ سالار واقعی شیر ہے۔ اسی وجہ سے پاک بھارت کشیدگی ہو یا ایران امریکا تنازع، پاکستان ہر محاذ پر سرخرو ہوا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے دو بار ملاقات کا موقع ملا، جہاں انہوں نے ہمیشہ یہی رہنمائی دی کہ مسائل ہر جگہ آتے ہیں لیکن کام نہیں رکنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف دفاعی بلکہ سفارتی میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی عالمی امن کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
