منگھوپیر ٹاؤن چیئرمین سے UN-Habitat کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات،ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت

منگھوپیر ٹاؤن چیئرمین سے UN-Habitat کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات،ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے منگھوپیر ٹاؤن آفس میں UN-Habitat کے اعلیٰ سطحی وفد کا نہایت پرتپاک اور پُرجوش استقبال کیا۔

اس موقع پر خیرآباد میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک تفصیلی اور جامع اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں علاقے کے معززین، عمائدین، سماجی و سیاسی شخصیات، نوجوانوں کے نمائندگان، خواتین اور بزرگ شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران UN-Habitat کے نمائندگان نے خیرآباد میں جاری ترقیاتی کاموں پر مفصل بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ علاقے میں سیوریج سسٹم کی بہتری، نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گلیوں کی پختگی، صاف پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پارکس اور کمیونٹی اسپیسز کی بحالی، اور ماحول دوست اقدامات کے تحت مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

مزید برآں خواتین کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات، بچوں کے لیے محفوظ اور معیاری کھیل کے میدان، اور عوامی فلاح و بہبود کے مزید منصوبے بھی زیرِ غور ہیں جن پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔

اس موقع پر خیرآباد کے معززینِ علاقہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان منصوبوں کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان اقدامات سے علاقے میں بنیادی سہولیات کی نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے پانی، سیوریج، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی اور دیگر مسائل کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں نہایت سنجیدگی سے سنا گیا اور ان پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی گئی۔ خواتین شرکاء نے بھی اپنے مسائل اور ضروریات بیان کیں، جن پر متعلقہ حکام نے خصوصی توجہ دینے کا وعدہ کیا۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیرآباد سمیت پورے منگھوپیر ٹاؤن کی ہمہ جہت ترقی ان کی اولین ترجیح ہے، اور وہ خود تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کام کا معیار اور رفتار برقرار رہے۔ انہوں نے حکومتِ سندھ سے پرزور مطالبہ کیا کہ اورنج لائن منصوبے کو 5 نمبر سے توسیع دے کر خیرآباد تک لایا جائے تاکہ اہلِ علاقہ کو جدید، باوقار اور سستی سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ اس اعلان پر شرکاء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور حاضرین نے اس مطالبے کو بھرپور انداز میں سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کو ایک مثالی اور ترقی یافتہ علاقہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی مختلف ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر منصوبہ شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنا کر مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر علاقے کے معززین، خواتین و حضرات نے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی اور UN-Habitat کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے خیرآباد میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا باب شروع ہوگا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں