ڈی جی کے ڈی اے کی ہدایات پر سینئر ڈائریکٹر کا لینڈ ڈیپارٹمنٹ اور ریکارڈ روم کا دورہ
کراچی: ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی کی ہدایات پر ممبر ایڈمنسٹریشن / سینئر ڈائریکٹر لینڈ شیخ فرید نے کے ڈی اے لینڈ ڈیپارٹمنٹ، اسٹیٹمنٹ لاؤنج اور ریکارڈ روم کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر لینڈ عاطف نقوی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن لینڈ راشد حسین ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ممبر ایڈمنسٹریشن / سینئر ڈائریکٹر لینڈ شیخ فرید نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور افسران و ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے افسران اور عملے سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کے بہترین مفاد میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر زور دیا اور کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا ادارے پر اعتماد بحال ہو اور ادارہ ترقیات کراچی بہتری کی جانب گامزن ہوسکے۔
انہوں نے ملازمین سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں اور شہریوں کے لینڈ سے متعلق مسائل کے حل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
مزید برآں، سینئر ڈائریکٹر لینڈ شیخ فرید نے ڈائریکٹر لینڈ کو ہدایت جاری کی کہ ادارے کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق گراؤنڈ فلور پر قائم لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام کاؤنٹرز پر شہریوں کی املاک سے متعلق تمام مراحل کی تکمیل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ سائلین کو ایک ہی مقام پر سہولت میسر آ سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کے ڈی اے میں شفافیت، بہتری اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بلند کیا جائے گا۔
