شاہراہِ بھٹو کو ایئرپورٹ کوریڈور سے ملانے والا عظیم پورہ فلائی اوور مکمل، میئر کراچی نے افتتاح کردیا

شاہراہِ بھٹو کو ایئرپورٹ کوریڈور سے ملانے والا عظیم پورہ فلائی اوور مکمل، میئر کراچی نے افتتاح کردیا

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سال 2026 کراچی میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہوگا اور اس سال شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے 70 سے 75 ارب روپے تک خرچ کیے جائیں گے جبکہ مختلف اداروں کی شراکت سے کراچی میں مجموعی طور پر تقریباً 100 ارب روپے کے ترقیاتی کام متوقع ہے، ایف ڈبلیو او کے ساتھ مل کر جناح ایونیو پر انڈر پاس بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ منور چورنگی انڈر پاس کو ایک سال میں مکمل کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ضلع کورنگی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں عظیم پورہ فلائی اوور، لیاقت روڈ، کھوکھرا پار نمبر 5 تا کھوکھرا پار سی ایریا، مہران ڈپو روڈ، جناح ایونیو تا بیگم خورشید روڈ اور ہاشم رضا روڈ، جناح ایونیو تا کے ٹی سی چائے کمپنی کی بہتری اور بحالی کے منصوبے اور جامع ملیہ روڈ کی بہتری اور بحالی اور دیگر ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، کے ایم سی سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے اور دیگر معززین بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عظیم پورہ انٹر سیکشن پر فلائی اوور کی تعمیر اور ملحقہ سڑکوں کی بہتری کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ملیر ریور برج سے شمع شاپنگ سینٹر شاہ فیصل ٹاؤن تک روڈ ری ہیبلیٹیشن، ڈرینیج اور الیکٹریفکیشن پر مشتمل ہے جس سے علاقے میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی، میئر کراچی نے کہا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 1477 ملین روپے ہے اور اسے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عظیم پورہ فلائی اوور کی لمبائی تقریباً 700 میٹر ہوگی جبکہ اطراف کی سڑکوں کی تعمیر اور توسیع بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ اسی طرح شاہراہ بھٹو سے شاہ فیصل راؤنڈ اباؤٹ تک 625 میٹر ڈوئل ٹریک روڈ تعمیر کی جائے گی جبکہ شاہ فیصل راؤنڈ اباؤٹ کی ازسرنو تعمیر، پارکنگ ایریا اور ملحقہ سڑکوں کی بہتری بھی اس منصوبے میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ فلائی اوور اور چورنگی کی تعمیر سے شاہ فیصل ٹاؤن، کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو آمدورفت میں بڑی سہولت میسر آئے گی۔ منصوبے میں جدید ڈرینیج سسٹم کی بہتری کے لیے نئے نالوں اور بارش کے پانی کی نکاسی کا مؤثر نظام بھی قائم کیا جائے گا جبکہ علاقے میں بہتر روشنی کے لیے 93 اسٹریٹ لائٹس پولز اور 157 لائٹس نصب کی جائیں گی۔

میئر کراچی نے کہا کہ عظیم پورہ انٹر سیکشن شاہ فیصل کے علاقوں کو کورنگی سے ملانے والا اہم راستہ ہے جبکہ کورنگی انڈسٹریل ایریا سے شاہراہ فیصل آنے کے لیے بھی بڑی تعداد میں شہری اسی سڑک کو استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں موجود سگنل کی وجہ سے ٹریفک کو مشکلات کا سامنا تھا جسے مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کو قیادت کے سامنے پیش کیا گیا اور اب فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، عظیم پورہ فلائی اوور کو سو روز میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور شاہ فیصل ٹاؤن سے شمع شاپنگ سینٹر تک جانے والی سڑک کی بحالی کا کام بھی اسی منصوبے کے تحت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا وعدہ ہے کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ لیاقت روڈ، مہران ڈپو روڈ اور ہاشم رضا روڈ کی بہتری اور بحالی کے منصوبے پر بھی کام کیا جائے گا جس کی مجموعی لاگت 205.660 ملین روپے ہے۔ اس منصوبے کے تحت سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے ساتھ سیوریج لائن کی تنصیب اور ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی جائیں گی تاکہ ملیر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک اور بنیادی سہولتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔

میئر کراچی نے اس موقع پر ایک اور اہم منصوبے جامع ملیہ روڈ کی بہتری اور بحالی کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملیر 15 سے ملت موڑ تک جامع ملیہ روڈ کی امپروومنٹس اور ری ہیبلیٹیشن کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس سے ملیر اور ملحقہ علاقوں کے لاکھوں شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں حاصل ہوں گی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے عوام سے جو وعدے کیے تھے انہیں پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کو کراچی میں دلچسپی نہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی توجہ کراچی کی ترقی پر مرکوز ہے اور اسی وجہ سے شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے مزید 26 سڑکوں کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ کھوکھراپار سی ایریا، میمن گوٹھ کی سڑک اور کمیونٹی سینٹر کی تعمیر سمیت مختلف منصوبوں پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع ملیہ روڈ کی تعمیر بھی شہریوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرے گی، انہوں نے کہا کہ میئر کراچی نے کہا کہ حال ہی میں بھینس کالونی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون فلائی اوور کا افتتاح کیا گیا ہے اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے شہر کے عوام کے درمیان رہتے ہیں اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وسائل محدود ہیں مگر ان وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ ترتیب دیا جاتا ہے اور کوشش ہے کہ شہر کے ساتوں اضلاع میں یکساں طور پر ترقیاتی کام کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل چیئرمینز کا فنڈ بڑھا کر 13 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے تاکہ مقامی سطح پر مسائل کے حل میں مدد مل سکے،شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تقریباً ساڑھے تین سو ٹریفک وارڈنز بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ جوڑیا بازار اور جہانگیر روڈ پر فائبر کے مین ہولز کے کور بھی لگائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اگر کے ایم سی کی جانب سے کسی نالے پر بچت بازار قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے تو اس کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اجازت منسوخ کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ایسی سیاست سے گریز کرنا چاہیے جس سے ملک اور شہر کا امیج متاثر ہو۔

اس موقع پر میئر کراچی نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ بااختیار خواتین مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں اور ایک عورت کی ترقی پورے خاندان کی ترقی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے جس کی مثال مادر ملت فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات ہیں،پاکستانی خواتین نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ سندھ حکومت کے مؤثر اقدامات سے خواتین کو معاشرے میں مساوی حقوق اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں