چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی زیر سرپرستی اور ٹی ایم سی کے اشتراک سے شہید بینظیر بھٹو رمضان کرکٹ لیگ جاری
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی زیر سرپرستی اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے اشتراک سے شاہ احمد نورانی عید گاہ گراؤنڈ میں ہونے والے 4 روزہ شہید بینظیر بھٹو رمضان کرکٹ لیگ کے تیسرے روز بھی شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔
آج کا پہلا میچ ضلع کورنگی کی ٹیم کورنگی الیون اور پی ایس ایف الیون کے درمیان ہوا۔ دوسرا میچ کورنگی ٹاؤن کی ٹیم چیئرمین الیون اور پی ایس 91 الیون کے درمیان ہوا۔ تیسرا میچ پی ایس 92 الیون اور پی ایس 95 الیون کے درمیان ہوا اور چوتھا میچ یوتھ الیون اور پی ایس 90 الیون کے درمیان ہوا۔جبکہ فائنل تک رسائی کے لیے ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ تیسرے روز کھیلے گئے میچز میں کچھ ٹیمیں باہر ہوئیں تو کچھ ٹیموں نے جارحانہ بیٹنگ اور عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
رمضان المبارک کی بابرکت فضاؤں میں رات گئے تک جاری رہنے والے اس نائٹ ٹورنامنٹ میں نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔ تماشائیوں نے اپنی پسندیدہ ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کیا اور ہر چوکے چھکے پر میدان تالیوں سے گونج اٹھا۔ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے سیکیورٹی اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جبکہ شائقین کے لیے بیٹھنے کے مناسب انتظامات بھی موجود ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کورنگی کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایسے ایونٹس کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں مزید سنسنی خیز مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
