کمشنر کراچی کی زیر صدارت اہم اجلاس،چیئرمین مومن آباد ٹاؤن کی شرکت
کراچی: کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر ویسٹ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لوکل ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کی صورتحال، محصولات میں اضافے کے اقدامات اور ماہِ رمضان المبارک کے دوران تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان اور میونسپل کمشنر مومن آباد ٹاؤن خالد حسین جتوئی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان نے مومن آباد ٹاؤن انتظامیہ کی کارکردگی پر مفصل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محصولات کی وصولی کو مؤثر بنانے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کے تسلسل کے لیے محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے، جس کے لیے شفاف اور منظم حکمتِ عملی اپنائی گئی ہے۔
رمضان المبارک کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بازاروں، اہم شاہراہوں اور مساجد کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم جاری ہے تاکہ نمازیوں اور خریداروں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
کمشنر کراچی حسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ لوکل ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں شفافیت اور تیزی لائی جائے، ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کیا جائے اور واجبات کی وصولی کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز اور مستقل بنیادوں پر کارروائی جاری رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ضلعی و ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ضلعی اور ٹاؤن سطح پر باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شہری مسائل کا فوری حل ممکن ہو اور شہر میں نظم و ضبط اور صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
