لیاقت آباد ٹاؤن کے زیرِ اہتمام پردہ پارک میں رنگا رنگ پھولوں کی نمائش کا انعقاد
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کے زیرِ اہتمام پردہ پارک، یونین کمیٹی نمبر04 میں ایک شاندار اور رنگا رنگ پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا باقاعدہ افتتاح ا پوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی کامران سراج اور چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر پارک کو دیدہ زیب انداز میں سجایا گیا جہاں پچاس سے زائد مختلف اقسام کے پچیس سے تیس ہزار خوبصورت پودے اور پھول عوام کی دلچسپی کے لیے نمائش میں رکھے گئے۔ پھولوں کی یہ نمائش نہ صرف شہریوں کے لیے ایک خوشگوار تفریح کا ذریعہ بنی بلکہ ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری،یوسی چیئرمینز، کورڈینیٹر صغیر احمد انصاری،وائس چیئرمینز، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی سمیت دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے پھولوں کی نمائش جیسے صحت مند اور تعمیری پروگرام کا انعقاد قابلِ تحسین ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف شہری زندگی میں خوشگوار تبدیلی لاتی ہیں بلکہ شہر کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔ ہم عوامی فلاح کے ایسے اقدامات میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی کامران سراج نے کہا کہ اسلام صفائی، حسن اور فطرت سے محبت کا درس دیتا ہے۔ پھولوں کی نمائش جیسے اقدامات شہریوں کو قدرت کے قریب لاتے ہیں اور معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر ایسے روح پرور اور خوشنما پروگرام یقیناً عوام کے لیے باعثِ مسرت ہیں۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا کہ پھولوں کی نمائش کا انعقاد شہر میں خوبصورتی، ماحول دوستی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد عوام کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ایسے پروگرام شہریوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل میں قدرتی حسن سے محبت کو فروغ دیتے ہیں۔بعد ازاں تقریب کے اختتام پر ایک پُراثر محفلِ نعت کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ محفل میں استقبالِ رمضان کے حوالے سے خصوصی کلمات بھی ادا کیے گئے اور دعا کی گئی کہ آنے والا بابرکت مہینہ شہر اور ملک کے لیے خیر و برکت کا باعث بنے۔
