سیکریٹری کالجز کی زیرصدارت اجلاس،کالجز کی رجسٹریشن کے لیے درکار3 اضافی درجات ختم

سیکریٹری کالجز کی زیرصدارت اجلاس،کالجزکی رجسٹریشن کے لیے درکار3 اضافی درجات ختم

اب نظام تیزاورشفاف ہوگا،سافٹ ویئر کےمسائل2دن میں حل کریں،28فروری تک زیرالتواء22لائسنس کیسز حل کریں،سیکریٹری ندیم میمن

کراچی: سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی زیر صدارت سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ (ایس باس) کے ذریعے نجی کالجز کی رجسٹریشن اور تجدید کے نفاذ سے متعلق اہم اجلاس محکمہ کالج ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر انسپیکشنز اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ کالجز عبدالقادر شاہ، سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ کے فوکل پرسن رانا راشد،سینئر منیجر آصف کریم، ٹیکنیکل ماہرین، لیگل اسپیشلسٹ، سافٹ ویئر منیجر مدثر خواجہ اور ایڈیشنل سیکریٹری مختیار ملاح سمیت اعلی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں نجی کالجز کی رجسٹریشن اور تجدید کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے، سافٹ ویئر انضمام، قانونی و تکنیکی رکاوٹوں کے خاتمے اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت طریقہ کار کو آسان بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے کالجز کی رجسٹریشن کے لیے درکارتین اضافی درجات ختم کردیے۔

سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے کہا کہ کاروباری برادری کو خوشخبری سنائی کہ اب حتمی منظوری کا اختیار اسپیشل سیکریٹری کو ہوگا جبکہ ان کی عدم موجودگی میں سیکریٹری خود منظوری دیں گے۔ اس فیصلے کے بعد سیکشن افسر، ڈپٹی سیکریٹری اور اسپیشل سیکریٹری کا اختیار ختم کردیا گیاہے۔

سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے نظام میں موجود تمام تکنیکی خرابیاں فوری دور کی جائیں، ٹرن اراؤنڈ ٹائم کو قابلِ تخصیص بنایا جائے اور ہر درخواست کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ برقرار رکھا جائے تاکہ قانونی معاملات میں مسائل نہ ہوں۔

سیکریٹری ندیم میمن نے کہا کہ کاروباری برادری کا مطالبہ ہے کہ طریقہ کار کو سادہ کیا جائے۔ ہم نے ایز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت غیر ضروری مراحل ختم کر دیے ہیں۔ اب نظام تیز، شفاف اور جوابدہ ہوگا۔

اجلاس میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے ہدایت دی کہ سافٹ ویئر سے متعلق تمام مسائل دو دن میں حل کیے جائیں۔ 28 فروری تک زیر التواء 22 لائسنس کیسز  حل کیے جائیں۔رجسٹریشن اور تجدید کے عمل میں نئے اور پرانے کالجوں کی واضح درجہ بندی کی جائے۔سابقہ ریکارڈ اور ہسٹری کی جانچ متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کرے گا جبکہ سسٹم میں موجود غلطیاں فوری درست کی جائیں۔

سیکریٹری ندیم میمن نے کہا کہ دنیا پیپر لیس نظام کی طرف جا رہی ہے۔ ہمیں بھی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مکمل ڈیجیٹل نظام اپنانا ہوگا۔ تاخیر یا غیر ضروری پیچیدگیاں ہرگز قبول نہیں۔

اجلاس کے اختتام پر سیکریٹری ندیم میمن نے ہدایت کی کہ مقررہ ٹائم فریم کے تحت تین روز میں کارروائی مکمل کرنے کا طریقہ کار وضع کیا جائے۔ تمام دستاویزات کی ڈیجیٹل تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور محکمے کے اندر نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے تاکہ نجی کالج رجسٹریشن کا عمل تیز، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جاسکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں