چیئرمین مومن آباد ٹاؤن کا میونسپل کمشنر کے ہمراہ ایکشن کمیٹی بنارس کے اراکین سے ملاقات
کراچی: ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان نے میونسپل کمشنر مومن آباد ٹاؤن خالد حسین جتوئی کے ہمراہ ایکشن کمیٹی بنارس باچا خان چوک ، یوسی 7 مومن آباد ٹاؤن کی دعوت پر منعقدہ جرگہ میں شرکت کی اور کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین یوسی 7 ادریس شامزئی، وائس چیئرمین ڈاکٹر کبیر اور متعلقہ بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
جرگہ کے دوران ایکشن کمیٹی بنارس باچا خان چوک کے نمائندگان نے علاقے کو درپیش بلدیاتی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی، بالخصوص تجاوزات کے مستقل بنیادوں پر خاتمے، صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے امور پر زور دیا گیا۔
ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، تجاوزات کے خاتمے سمیت تمام بلدیاتی امور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مرحلہ وار حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے ایکشن کمیٹی باچہ خان چوک کو یقین دہانی کروائی کہ علاقے کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے مؤثر اور پائیدار اقدامات کئے جائیں گے اور عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی نے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں بلدیاتی افسران کو فیلڈ میں متحرک رکھا گیا ہے اور بنارس سمیت مومن آباد ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیوں میں بلدیاتی خدمات کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے گا۔
ملاقات کے بعد ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان نے میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی کے ہمراہ بنارس چوک اور اس کے اطراف کا تفصیلی دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے صفائی، تجاوزات، ٹریفک کی روانی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کا موقع پر جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
آخر میں ایکشن کمیٹی بنارس باچا خان چوک کے عاراکین نے ٹاؤن چیئرمین اور ٹاؤن انتظامیہ کی آمد، مسائل سننے اور حل کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
