گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد ایس بی سی اے نے رمپا پلازہ کو سیل کردیا
کراچی: ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد ایس بی سی اے حکام نے ساتھ میں قائم رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے سیل کردیا۔
سندھ بلڈنگ کنڑول اتھارٹی نے رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے انتظامیہ اور دکان مالکان کو نوٹس جاری کیا۔
حکام ایس بی سی اے کے مطابق گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد گرنے والے ملبے سے رمپا پلازہ کے ساختی ستون شدید متاثر ہوئے ہیں۔رمپا پلازہ کے نقصان زدہ اور خطرناک حصے کے استعمال پر فوری مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔متاثرہ اسٹرکچر سے غیر محفوظ عناصر فوری ہٹائے جائے اور مرمت کرائی جائے۔
ایس بی سی اے کے مطابق مرمتی اور مضبوطی کا تمام کام صرف مستند اسٹرکچرل انجینئر کی نگرانی میں کرایا جائے۔عمارت اس وقت تک استعمال نہیں ہوسکے گی جب تک مجاز اتھارٹی اسے محفوظ قرار نہ دے جبکہ رمپا پلازہ میں کسی بھی قسم کی سرگرمی بغیر اجازت جاری رہی تو سخت ایکشن لیا جائے گا اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔
