ادارہ ترقیات کراچی کا ملازمین کو ماہانہ پے سلپس بذریعہ ای میل فراہم کرنے کا فیصلہ
کراچی: ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات کراچی محمد کاشف خان کی ہدایات پر ادارے میں انتظامی اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے تحت ایک اہم اور ملازم دوست اقدام کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق کے ڈی اے کے تمام ملازمین کو ان کی ماہانہ پے سلپس بذریعہ ای میل فراہم کی جائیں گی۔
ملازمین کی بڑی تعداد ہر ماہ اپنی پے سلپس کے حصول کے لیے محکمہ آئی ٹی کے پے رول سیکشن سے رجوع کرتے ہیں،پے سلپ کا حصول ہر ملازم کا بنیادی حق ہے، تاہم افرادی قوت اور دیگر انتظامی وجوہات کے باعث بعض اوقات مقررہ وقت میں تمام ملازمین کو پے سلپس کی فراہمی ممکن نہیں ہو پاتی، جس سے نہ صرف ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ دفتری وقت اور وسائل کا بھی ضیاع ہوتا ہے۔ان مسائل کے مستقل حل، شفافیت کے فروغ، وسائل کے بہتر استعمال اور حکومت سندھ کے پیپر لیس نظام کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد کاشف خان کی سرپرستی میں محکمہ آئی ٹی کے پے رول سیکشن نے ایک نیا اور مؤثر نظام متعارف کرایا ہے۔ اس نظام کے تحت کے ڈی اے کے تمام ملازمین کی ماہانہ پے سلپس براہِ راست ان کے رجسٹرڈ اور فعال ای میل ایڈریسز پر ارسال کی جائیں گی۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی محمد کاشف خان نے اس موقع پر کہا کہ ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف دفتری امور میں تیزی اور شفافیت آئے گی بلکہ ملازمین کو سہولیات کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اس اصلاحی اقدام پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور ادارے کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون کریں۔یہ اقدام کے ڈی اے میں ڈیجیٹل اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں دیگر انتظامی شعبہ جات میں بھی جدید نظام کے نفاذ کی بنیاد فراہم کرے۔
