
کراچی(رپورٹ: اے بی سومرو) سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے قریب موٹر سائیکل گشت کے دوران مقابلے میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے زخمی اور بعداذاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہونیوالے پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبلز رحمت اور عبدالحکیم کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساؤتھ میں ادا کردی گئی۔اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
نماز جنازہ میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن،ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو،زونل ڈی آئی جیز،ضلعی ایس ایس پیز کراچی سمیت رینجرز افسران اور جوانوں کے علاوہ شہداء کے ورثاء، رشتداروں، دوست احباب اور اہلیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
آئی جی سندھ نے شہداء کے ورثاء سے دکھ اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عوام کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس اہلکاروں کی جرأت و بہادری کو سراہا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عوام دشمن ملزمان کو گرفتار کرکے انھیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے ورثاء کو سندھ پولیس کی جانب سے ہرقسم کے تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔انہوں نے جنازے میں شریک پولیس افسران سے کہا کہ شہداء کی مروجہ مراعات اور مالی اعانت کے حوالے سے جملہ ضروری محکمانہ و قانونی دستاویزات پر مشتمل امور کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔
