سندھ سوشل سیکورٹی کو مکمل ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے:کمشنر سیسی
کراچی: سندھ سوشل سیکورٹی کو مکمل ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے، ملازمین کی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعہ حاضری و تنخواہ کا نظام بنایا جائے گا، کمشنر سیسی
سندھ سوشل سیکورٹی کی جانب سے مزدور تنظیموں کے اجلاس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے، محکمہ محنت کے دیگر ادارے اس طرح کے پروگرام منعقد کریں، حبیب الدین جنیدی
سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کی جانب سے محنت کش تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کا مقصد محنت کشوں کے نمائندوں کے ساتھ ہم آہنگی اور تعلق کو مضبوط بنانا اور تحفظ یافتہ محنت کشوں اور ان کے زیر کفالت افراد کو سندھ سوشل سیکورٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی اور مالی فوائد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہی فراہم کرنا اور سیسی کی سہولیات میں بہتری کے لیے محنت کش نمائندوں سے تجاویز حاصل کرنا تھا
اجلاس کی صدارت کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے کی جب کہ ان کے ساتھ وائس کمشنر سکندر بلوچ، میڈیکل ایڈوائزر سعادت میمن، ڈائریکٹر کنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ ڈاکٹر غلام دستگیر، ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم جمال، ڈائریکٹر انجینئرنگ وسیم احمد، چیف میڈیکل آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر پرویز سومرو، ڈائریکٹر آئی ٹی حامد علی، بھی شریک تھے
ڈائریکٹر سی اینڈ بی ڈاکٹر غلام دستگیر نے اجلاس کے آغاز میں سندھ سوشل سیکورٹی کے بارے میں بریفنگ دی
اس موقع پر مزدور رہنماؤں سوشل سیکورٹی میں تحفظ یافتہ محنت کشوں کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندھی کی اور سوشل سیکورٹی اسکیم میں محنت کشوں کی رجسٹریشن کی حد کو بڑھانے کی تجویز پیش کی پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے کمشنر سیسی کو محنت کش تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ محکمہ محنت کے دیگر اداروں کو سندھ سوشل سیکورٹی کی طرح محنت کشوں کے ساتھ اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے ضرورت ہے تا کہ مسائل کی نشاندھی ہوسکے اور مزدوروں کو علم ہوسکے کہ ادارے کیا کام کررہے ہیں
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سیسی کو جلد از جلد مکمل طور پر ڈیجٹلائز کیا جائے اس سلسلے میں سوشل سیکورٹی اسپتالوں اور سرکل میں سیسی ملازمین کی حاضری کو بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کیا جارہا ہے، سوشل سیکورٹی کی نئی ویب سائیٹ پر ادارے سے متعلق معلومات کو شیئر کیا جائے تا کہ سسٹم شفاف اور جوابدہ بنایا جاسکے، انہوں نے سندھ بھر سے اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا،
اجلاس میں پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی، نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ریاض عباسی، ، ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن کی جنرل سیکرٹری زہرا خان, نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی صدر خالد خان، ارشاد علی بھثو،خواجہ مبشر، پائیلر کے ڈائریکٹر عباس حیدر اور فرحان، پاکستان فیشر فورک فورم کے جنرل سکریٹری سعید بلوچ، آئی سی یو، کے جنرل سیکرٹری قمر الحسن، ایکنیک کے چیئرمین شکیل یامین کانگا، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے خالد خان، پیر بادشاہ، محمد نظیر، ناؤ کمیونیٹی کے کوآرڈینیٹر اقبال انصاری اور محمد شفیع، مہران پروگریسو ایمپلائز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عاشق علی خان اور شعیب احمد، پاکستان فوڈ ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری خائستہ خان، پاکستان ہوٹل فیڈریشن جنرل سیکرٹری ملک غلام محبوب اور عبد الرحمان، پیپلز اسٹاف یونین سیسی کے صدر احمد نواز نے شریک تھے۔
