چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کی جانب سے محکمہ باغات کے عملے میں ضروری آلات تقسیم
کراچی: چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے وائس چیئر مین لیاقت آباد ٹاؤن اسحاق تیموری اور ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی کے ہمراہ شاھ فیض الحسن میموریل پارک بی- ون ایریا یو سی 6 0میں محکمہ باغات کے عملے کو ضروری آلات تقسیم کیے۔فراہم کردہ سامان میں بیلچہ، پاوڑا، ٹرولی اور دیگر باغبانی کے لازمی اوزار شامل تھے۔
اس موقع پر چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے عملے کو ہدایت کی کہ پارک کی صفائی، گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور شہریوں کے لیے بہترین ماحول کی فراہمی کو اولین ترجیح بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جدید اور معیاری آلات کی فراہمی سے نہ صرف عملے کی کارکردگی بہتر ہوگی، بلکہ پارک کی مجموعی خوبصورتی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی، اس اقدام کا مقصد پارک سروسز کو زیادہ مؤثر اور فعال بنانا قرار دیا، تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی کے ہمراہ لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے ایف سی ایریا میں قائم کردہ نرسری کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ نرسری انچارج نے چیئرمین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سیزن میں تقریباً 30 ہزار سے زائد سیزنل پودے ٹاؤن کے مختلف پارکس، گرین بیلٹس اور خوبصورتی کے منصوبوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
چیئرمین فراز حسیب نے نرسری کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ شہری ماحول کو سرسبز بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی اور محکمہ باغات کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو خوب سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی کی قیادت میں محکمہ باغات نے نہایت محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ پارکس اور گرین بیلٹس کی بحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی محکمہ باغات کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی نگرانی میں باغات کی ٹیم مکمل پیشہ ورانہ انداز میں کام کرتی ہے۔ پارکس کی صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی تراش خراش، سیزنل پودوں کی تیاری اور پارکوں کی مجموعی خوبصورتی میں ان کا کردار قابلِ تعریف ہے۔
