ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی کا 14واں اجلاس، متعدد قراردادیں منظور
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نیو کراچی کی کونسل کا 14واں باضابطہ اجلاس آج منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر اور میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے کی؛ اجلاس میں کونسل ممبران، ٹاؤن افسران اور مختلف محکمہ جاتی نمائندگان نے بھرپور شرکت کی اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، مطالعہ حدیث اور نعتِ رسول ﷺ سے ہوا۔ اجلاس میں متعدد اہم عوامی اور بلدیاتی نوعیت کی قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں بحث کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا اجلاس میں ٹاؤن کے ترقیاتی کام، ٹاؤن گاڑیوں کی حالت، پارکوں کی انتظامی صورتحال، ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن فائلوں کی پیش رفت، بڑھتی ہوئی انکروچمنٹ کے مسائل اور ٹیکس وصولیوں جیسے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
کونسل ممبر عمران شفیق نے قرارداد پیش کی کہ ٹاؤن کی سرکاری گاڑیاں بدترین حالت کا شکار ہیں اور اکثر جگہ جگہ خراب ہو جاتی ہیں جس سے عوامی خدمات متاثر ہو رہی ہیں، لہٰذا فوری طور پر ٹاؤن کی تمام گاڑیوں میں نئے ٹائر اور درکار مرمت کا فوری بندوبست کیا جائے، یہ قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور ہو گئی۔
کونسل ممبر عمران فقیر نے محکمہ بی اینڈ آر کے 2 ارب روپے کے ترقیاتی کاموں پر وضاحت طلب کی جس پر بی اینڈ آر کے ٹاؤن افسر فیصل صغیر نے تفصیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ کام شفاف طریقے سے جاری ہے، اگرچہ رفتار میں قدرے کمی ہے مگر معیار اور کوالٹی کے حوالے سے کام بہترین ہے اور تمام دستاویزی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ کونسل ممبر احنظلہ انور قریشی نے پارکوں کی دیکھ بھال میں مالیوں کی عدم دستیابی اور کارکردگی کا مسئلہ اٹھایا جس پر ڈائریکٹر باغات عظمت علی شاہ نے کہا کہ ملازمین اپنی مقررہ ڈیوٹی پر حاضر ہوتے ہیں اور وصول شدہ شکایات کی روشنی میں تمام مالیوں کی حاضری اور کارکردگی کی تصدیق کر کے اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔
ویلفیئر ڈائریکٹر حمید اللہ نے بتایا کہ اب تک ڈیڑھ سو سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن فائلیں تیار کر کے KMC کو ارسال کی جا چکی ہیں اور پینشن جلد جاری ہونے کی توقع ہے۔ کونسل ممبر اویس قادری نے 7 ہزار روڈ، نالہ اسٹاپ، 5نمبراسٹاپ، اور سندھی ہوٹل کے اطراف بڑھتی ہوئی انکروچمنٹ کی تفصیلی نشاندہی کی، اس پر ڈائریکٹر انکروچمنٹ عبید الرحمن نے وضاحت دی کہ انکروچمنٹ کے تدارک کے لیے ہماری ٹیم شام پانچ بجے تک ڈیوٹی کرتی ہے، البتہ اگر اوورٹائم اور اضافی وسائل فراہم کیے جائیں تو رات کے اوقات میں بھی موثر کاروائیاں ممکن بنائی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح ڈائریکٹر ایڈورٹائزنگ اور ڈائریکٹر ریکوری نے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور ٹیکس وصولیوں کی رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو آئندہ کونسل اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کے لیے پابند کیا جائے گا تاکہ متعلقہ محکمے بروقت مسائل کا نوٹس لیں اور عوامی مسائل کے حل میں تاخیر نہ ہو۔ اجلاس کے آخر میں وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے شرکاء سے مؤدبانہ اپیل کی کہ تمام افسران اور ملازمین محنت اور ایمانداری کے ساتھ عوامی خدمات فراہم کریں
۔میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے طویل اور جامع خطاب میں کہا کہ اگرچہ نیو کراچی نے دیگر ٹاؤنز کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی ہے، تاہم متعدد شعبوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، ہمیں صفائی، پانی، سیوریج، سڑک مرمت اور عمومی انفراسٹرکچر پر فوری طور پر اقدامات کرنے ہوں گے؛ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر محکمے کی کارکردگی کا باقاعدہ آڈٹ ہو، شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جائے اور عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی طرح کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، اجلاس نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے جلد عملی اقدامات کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
