گلبرگ ٹاؤن کی کارکردگی پورے کراچی میں نمایاں ہے:حافظ نعیم

گلبرگ ٹاؤن کی کارکردگی پورے کراچی میں نمایاں ہے:حافظ نعیم الرحمن

کراچی: میر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے ہمراہ  فیڈرل بی ایریا بلاک 18 میں سمن آباد پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ کا افتتاح کیا۔تقریب میں امیر جماعت اسلامی کراچی معنم ظفر خان، وائس چیئرمین محمد الیاس، میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ، امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج، سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ سمیت محکمہ جاتی افسران، یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، خواتین کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے، جماعت اسلامی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی جدوجہد کرتی رہی ہے۔ پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ کے قیام سے علاقے کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔”انہوں نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کی کارکردگی پورے کراچی میں سب سے نمایاں ہے۔کچھ ماہ قبل یہاں بہادر یار جنگ ماڈل اسکول کا افتتاح کیا گیا، واٹر ہارووسٹنگ کے کئی منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں، اور آج ایک بہترین ہیلتھ کیئر فسیلٹی عوام کے لیے کھول دی گئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ”سندھ حکومت ٹاؤنز اور یوسیز کو اختیارات منتقل نہیں کر رہی، اس کے باوجود محدود وسائل میں ہمارے 9 ٹاؤنز کی کارکردگی مثالی ہے۔ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے خدمت، دیانت اور امانت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا تسلسل عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ ہم اپنے چیئرمین ضلع اور امیر جماعت اسلامی کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج ہمارا دائرہِ کار نہیں، اس کے باوجود ہم نے عوامی مشکلات کے پیشِ نظر 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام مکمل کروائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔ سیوریج کارپوریشن اپنا کام نہیں کر رہا، لیکن ہم نے اپنی سطح پر ممکنہ اقدامات کیے ہیں تاکہ مسائل حل ہوں۔

چیئرمین نصرت اللہ نے مزید بتایا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر میں ماہر ڈاکٹرز دن اور شام کے اوقات میں موجود رہیں گے جبکہ الٹراساونڈ، ای سی جی، شوگر اور بلڈ پریشر ٹیسٹ کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی انہوں نے کہا کہ اگر بنیادی مرض کی بروقت تشخیص ہوجائے تو بڑے اسپتالوں پر بوجھ کم ہوجاتا ہے، اور سمن آباد مرکزِ بنیادی صحت اسی مقصد کے تحت قائم کیا گیا ہے۔عزیز آباد میں نعمت اللہ خان مرحوم کے نام سے سڑک کا سنگِ بنیادبعد ازاں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے عزیز آباد میں سابق ناظمِ کراچی مرحوم نعمت اللہ خان کے نام سے منسوب سڑک کا سنگِ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ’نعمت اللہ خان مرحوم کی خدمات کراچی کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ ان کے نام سے سڑک کا سنگِ بنیاد رکھنا ان کی عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ:عزیز آباد مین روڈ سالوں سے خستہ حال ہے، اسے اگلے دو ماہ میں ایک بہترین سڑک کے طور پر تعمیر کیا جائے گا، اور کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر یو سی چیئرمین فیصل شیخ، عارف منیر زبیر ولی محمد، خواجہ قمر اور یو سی وائس چیئرمین ظہیر مصطفی،عرفان شاہ،محمد الیاس اور الیاس میمن بھی موجود تھے     ۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں