مومن آباد ٹاؤن یومِ کشمیر (بلیک ڈے) کے موقع پر شاندار ریلی
کراچی:سندھ حکومت کی ہدایت پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن مومن آباد ٹاؤن کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ کشمیر 27 اکتوبرکے موقع پر ایک شاندار اور پُرجوش یکجہتیِ کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کی قیادت ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی و چیئرمین یو سی 6 صلاح الدین یوسف زئی نے سید زین علی شاہ کے ہمراہ کی۔
ریلی میں اراکینِ ٹاؤن کونسل، بلدیاتی افسران، مختلف یوسیز کے چیئرمین حضرات، عملہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی اور کشمیری پرچم اُٹھا رکھے تھے جبکہ سڑکوں پر "کشمیر بنے گا پاکستان” اور "ظلم بند کرو، کشمیر آزاد کرو” کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر و چیئرمین یو سی 6 صلاح الدین یوسف زئی نے کہاکہ
"27 اکتوبر 1947 کا دن تاریخِ انسانیت کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارت نے غیرقانونی طور پر کشمیر پر قبضہ کیا۔ آج دہائیوں گزر جانے کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی حکومت، عوام اور تمام ادارے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر بلدیاتی سطح پر بھی ہر سال یومِ سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے تاکہ عالمی برادری کو باور کرایا جا سکے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اس موقع پر سید زین علی شاہ نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے اپنی آزادی کے لیے بے شمار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ اُن کی ثابت قدمی اور قربانیاں ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ہمیں بطور پاکستانی اس جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہنا چاہیے اور دنیا بھر میں ان کی آواز بننا چاہیے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مومن آباد ٹاؤن انتظامیہ سندھ حکومت کے ویژن کے مطابق سماجی، فلاحی اور قومی نوعیت کے تمام ایام کو جوش و جذبے سے مناتی رہے گی تاکہ عوام میں قومی یکجہتی اور شعور کو فروغ دیا جا سکے۔اختتام پر ریلی کے شرکاء نے کشمیری شہداء کی یاد میں دعائے مغفرت کی اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی نعرے لگائے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
