نیوکراچی ٹاؤن کو درپیش چیلنجز کے باوجود مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں:چیئرمین محمد یوسف
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے گزشتہ روز نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلدیاتی اسکولوں میں موجود توجہ طلب کاموں اورعلاقوں میں جاری سیوریج لائن کی تنصیب کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ٹاؤن انتظامیہ کے دیگر افسران، منتخب نمائندگان، اور علاقہ معززین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے مختلف اسکولوں میں صفائی، مرمت، اور بچوں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، تاکہ نیو کراچی کے بچے بھی بہتر تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے متعدد علاقوں میں جاری سیوریج لائن کی تنصیب کے منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ کام کو جلد از جلد اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آسکے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہاکہ ہم اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد مسائل کا حل ہے، بہانے تلاش کرنا نہیں۔ عوام کے چہروں پر خوشی دیکھنا ہی ہماری اصل کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی اور سیوریج کے مسائل کو حل کرنا دراصل واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری ہے، مگر ادارے کی مجرمانہ خاموشی نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔جب واٹر بورڈ کی جانب سے کوئی اقدام نہیں کیا جاتا تو ہمیں ہی میدان میں آنا پڑتا ہے۔ ہم وہ کام بھی کر رہے ہیں جو ہماری دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ وہ خود عوام میں سے ہیں اور عوام کی تکلیف کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ ہم اپنی عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔عوامی نمائندے کی حیثیت سے محمد یوسف نے باور کرایا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو درپیش چیلنجز کے باوجود وہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
انہوں نے صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنائے تاکہ نچلی سطح پرموجود مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ اگرچہ فنڈز کی کمی ایک مستقل چیلنج ہے، مگر وہ کسی بہانے کو رکاوٹ نہیں بننے دے رہے۔ انہوں نے نیو کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹاؤن انتظامیہ سے تعاون جاری رکھیں اور شکایات کے بجائے تجاویز دیں تاکہ اجتماعی کاوشوں سے ایک بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
