مومن آباد ٹاؤن چیئرمین کی ہدایت پر سید زین علی شاہ کی حفیظ الدین شیخ سے ملاقات، ٹیکس نظام پر گفتگو
کراچی:مومن آباد ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان کی ہدایت پر سید زین علی شاہ اور ڈائریکٹر ٹیکسز فہیم رضا شیخ نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی حفیظ الدین شیخ سے بنارسی کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر بنارس کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ملاقات میں علاقے کے تاجروں کو درپیش مسائل، بالخصوص ٹیکس کے معاملات، کاروباری ماحول میں مشکلات اور ٹاؤن کی حدود میں سہولیات کی فراہمی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سید زین علی شاہ نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ٹیکس نظام کو شفاف اور آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ تاجر برادری کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
سید زین علی شاہ نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹاون چئیرمین کی ہدایت پر مومن آباد ٹاؤن انتظامیہ تاجروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ریونیو کے شفاف استعمال کے ذریعے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ تاجروں کو ٹیکس کی بروقت ادائیگی کے بدلے بہتر سہولیات دینا ہماری ذمہ داری ہے۔
ایم این اے حفیظ الدین شیخ نے ٹاؤن انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان بہتر روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ بنارس ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوگا اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
