چیئرمین جناح ٹاؤن نے سڑکوں کی مرمت اور سیوریج مسائل کے فوری حل کی ہدایت کردی
کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع نے جہانگیر روڈ، لسبیلہ چورنگی اور تین ہٹی سمیت مختلف یونین کونسلز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین نے محکمہ بی اینڈ آر کے افسران کو ہدایت دی کہ عید میلادالنبیؐ سے قبل تمام متاثرہ سڑکوں کی مرمت اور استرکاری ہر حال میں مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت میسر ہو۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام صرف وقتی بنیادوں پر نہیں بلکہ پائیدار معیار کے ساتھ کیے جائیں تاکہ بارشوں کے بعد بھی شہریوں کو بہتر سہولت حاصل ہو۔ بعد ازاں چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے یوسی 3 پٹیل پاڑا کا بھی دورہ کیا، جہاں الآصفہ گراؤنڈ سے متصل سڑک کی سیوریج لائن بارشوں کے باعث شدید متاثر ہونے سے اطراف کی گلیوں میں گندا پانی جمع ہو گیا تھا۔یوسی وائس چیئرمین طاہر اسلام نے صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
چیئرمین نے موقع پر گلیوں اور متاثرہ سڑک کا معائنہ کیا، مقامی آبادی سے ملاقات کی اور افسران کو ہدایت دی کہ سیوریج لائن کی مرمت اور نکاسیٔ آب کے لیے جامع حکمتِ عملی بنا کر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ دوروں کے دوران محکمہ بی اینڈ آر کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے چیئرمین کو تکنیکی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ چیئرمین نے واضح کیا کہ شہری سہولت اور عوامی خدمت ہی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام محکموں کو اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کرنا ہوں گی۔
