مومن آباد ٹاؤن چیئرمین کا کٹی پہاڑی پر مٹی کا تودہ گرنے کے مقام کا معائنہ
کراچی: مومن آباد ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان نے برسات کے دوران کٹی پہاڑی پر مٹی کا تودہ گرنے کے واقعے کے بعد فوری طور پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔
ان کے ہمراہ یوسی وائس چیئرمین مجیب نادرالرحمن فوکل پرسن خضر حیات اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھےٹاؤن چیئرمین نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی کہ متاثرہ مقام سے ملبہ فوری طور پر صاف کیا جائے تاکہ شہریوں کی آمد و رفت بحال ہو سکے اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ برسات کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ملک عارف اعوان نے مزید بتایا کہ مومن آباد ٹاؤن میں قائم رین ایمرجنسی سینٹر کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تمام ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ حساس اور خطرناک مقامات پر خصوصی نگرانی کی جائے اور عوام کو بروقت سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
