چیئرمین منگوپیر ٹاؤن نے پیور بلاک کے کام کا باقاعدہ افتتاح کردیا
کراچی: چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی خدمت، عوامی فلاح کے عہد اور ترقیاتی لائحہ عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے آج یونین کونسل نمبر 2، وادیٔ منگوپیر چار یار مزار میں پیور بلاک کے کام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ نہ صرف علاقے کے رہائشیوں کی سہولت کے لئے ایک اہم قدم ہے بلکہ مقامی سطح پر بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے عزم کی عملی مثال بھی ہے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد حسین ستی، سینیئر نائب صدر صدیق اکبر، انفارمیشن سیکریٹری علی اکبر کاچیلو، یونس مینگل اور شکور مینگل بھی شریک تھے۔ تمام رہنماؤں نے چیئرمین منگوپیر ٹاؤن کے اس ترقیاتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ایسے منصوبے اسی منشور کی عکاسی ہیں۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہمیشہ عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی پر مبنی رہا ہے۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے اور ان کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا جائے۔ منگوپیر ٹاؤن کے عوام میرے اپنے لوگ ہیں اور ان کی خدمت میری زندگی کا مشن ہے۔ آج وادیٔ منگوپیر چار یار مزار میں پیور بلاک کے کام کا آغاز اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ عمل سے دکھاتے ہیں۔جشنِ آزادی کے موقع پر ہم نے عوام کے ساتھ مل کر یہ عہد کیا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خوشی اور قومی یکجہتی کی علمبردار ہے۔ اب ہم اسی جذبے کو عملی ترقی میں ڈھال رہے ہیں۔ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ منگوپیر ٹاؤن کی ہر گلی، ہر محلہ اور ہر بستی ترقی کے سفر میں شامل ہو۔ گلیوں کی پختگی، صاف پانی کی فراہمی، سیوریج کے مسائل کا حل، سڑکوں کی تعمیر اور عوامی سہولتوں کے مزید منصوبے ان شاءاللہ جلد مکمل ہوں گے۔
حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ میں اپنے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ جب تک زندگی ہے میں ان کے درمیان رہوں گا اور ان کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ منگوپیر ٹاؤن کے عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے، اور یہی اعتماد ہماری اصل طاقت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی قیادت میں ہم عوامی خدمت کے اس سفر کو آگے بڑھائیں گے اور منگوپیر کو ترقی کی روشن مثال بنائیں گے۔”
ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد حسین ستی نے کہا کہ چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی عوامی خدمت کی عملی تصویر ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت، خصوصاً چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں، اور آج کے منصوبے انہی ہدایات کا تسلسل ہیں۔
علاقے کی عوام نے بھی وادیٔ منگوپیر چار یار مزار میں شروع ہونے والے اس ترقیاتی منصوبے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے ہمیشہ علاقے کے مسائل کو اولین ترجیح دی اور عوامی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھا۔
یہ منصوبہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
