سی پی ایس پی ریجنل سینٹر لاڑکانہ میں جشن آزادی معرکہ حق کی شاندار تقریب کا انعقاد
لاڑکانہ: سی پی ایس پی ریجنل سینٹر لاڑکانہ میں پاکستان کے یومِ آزادی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس کا عنوان "معرکۂ حق (بنیان المرصوص)” تھا۔ یہ تقریب جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبات سے بھرپور رہی۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد پرچم کو سلامی پیش کی گئی۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں پروفیسر حاکم علی ابڑو (کونسلر لاڑکانہ ریجن)، پروفیسر شیر محمد شیخ (ریجنل ڈائریکٹر سی پی ایس پی لاڑکانہ)، اور پروفیسر امان اللہ عباسی (کنٹرولر آف ایگزامینیشنز لاڑکانہ ریجن) نے مل کر جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔
مقررین نے قیامِ پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور استقامت، اتحاد اور حب الوطنی جیسے بنیادی قومی اصولوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخ کو یاد رکھنا اور اپنے فرائض کی ادائیگی قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
جشنِ آزادی کے موقع پر سی پی ایس پی ریجنل سینٹر لاڑکانہ میں شجر کاری مہم بھی چلائی گئی۔
سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ریجنل اور انٹرنیشنل سینٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے "صحت مند پاکستان” کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ جدید طبی سہولیات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
