ہمدرد پاکستان کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا
کراچی: ہمدرد پاکستان کی جانب سے 14۔اگست یوم آزادی کے موقع پر ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں گزشتہ روز ملّی نغموں، قومی ترانوں اور سبز ہلالی پرچم سے سجی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہمدرد فاونڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے بہ طور مہمان خصوصی شرکت فرمائی اورکیک کاٹا۔ تقریب میں ہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد، چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل ندیم سمیت سینئر مینجمنٹ اور کارکنان نے شرکت کی، جنہوں نے وطن عزیزکی سلامتی و ترقی کے لیے دعائیں مانگیں۔
سعدیہ راشد نے کہاکہ14۔ اگست ایک ایسا دن ہے جب ہم اپنے بزرگوں کی جدوجہد ِ آزادی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جوقائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قیامِ پاکستان کے حصول میں ثابت قدم رہے۔آج کے دن ہمیں اپنے ملک کی خدمت و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ ملک کے شعبہ صحت وتعلیم میں ہمدرد پاکستان کی گراں قدر خدمات ادارے کی حب الوطنی، ایثار اور عزم کا مظہر ہیں۔ہمدرد پاکستان کو شہید حکیم محمد سعید نے وطن عزیز کی خدمت کرنے کے عزم سے قائم کیا تھا، چناں چہ ہمدرد پاکستان میں تمام قومی دنوں بہ شمول ۱۰رمضان یوم باب الاسلام اور 27 رمضان المبارک کو بھرپور قومی و ملی جذبے کے ساتھ خصوصی طور پر منایا جاتا ہے۔ہمیں ’’ایمان، اتحاد، تنظیم‘‘اور شہید حکیم محمد سعید کے قول ’’پاکستان سے محبت کرو، پاکستان کی تعمیرکرو‘‘ جیسے سنہرے اصولوں پر عمل پیرا رہنے کا عزم کرنا ہے۔
اس موقع پر کارکنان نے بانی شہید حکیم محمد سعید کے روشن و خوشحال پاکستان کے خواب، نونہالوں کے اذہان کو روشن کرنے کے وژن، خدمت خلق کے اقدامات اور صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات کو یاد کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
