کراچی: ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جان بحق، مشتعل افراد نے گاڑیوں کو آگ لگادی
کراچی: فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایاکہ ڈمپر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار باپ، بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے تھے۔ اسپتال منتقلی کے دوران بہن اور بھائی دم توڑ گئے جن کی شناخت 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ علی رضا کے نام سے ہوئی۔
حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور 7 ڈمپروں کو آگ لگادی، جبکہ شہریوں نے موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور پر تشدد کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔
حادثے کے بعد پولیس نے ڈمپر جلانے کے الزام میں 10افراد کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب آگ لگانے کے خلاف ڈمپر ڈرائیورز نے احتجاج کیا
آگ لگانے کے خلاف ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وئے سہراب گوٹھ سے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی۔
صدر ڈمپر ایسوسی ایشن حاجی لیاقت محسود نےدعویٰ کیا کہا کہ 7 ڈمپرز جلانےکی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔