چیئرمین جناح ٹاؤن سیوریج کی تباہ حالی پرمتحرک، واٹر کارپوریشن حکام کو اقدامات کی ہدایت
کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے لائنز ایریا میں سیوریج مسائل کے بڑھتے ہوئے سنگین صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے یوسی 9 اور 10 کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے علاقے کی مختلف شاہراہوں پر گٹر کا پانی جمع ہونے اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایکسیئن خلیل کو موقع پر طلب کرتے ہوئے لائنز ایریا کے مکینوں کو درپیش اس دیرینہ اور تکلیف دہ مسئلے کی جانب فوری توجہ دینے کی ہدایت کی۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری لائے بغیر شہری مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے واٹر بورڈ حکام کو ہدایت کی کہ لائنز ایریا میں سیوریج کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش اذیت کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
ایکسئین خلیل نے چیئرمین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متعلقہ علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور مرمت کا کام آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تکنیکی عملہ فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے اور جہاں کہیں بھی لائنیں بند ہیں، وہاں ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین جناح ٹاؤن حامد نواز خان، محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ سینیٹیشن کے چیئرمین قاری سیف الرحمن، اور وائس چیئرمین یوسی 10 بابر شیخ، انچارج بی اینڈ آر محمد فیصل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔