نیو کراچی ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں کے طلباء و طالبات میں نصابی کتابوں اور اسکول بیگز کی تقسیم
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف کی زیرِ صدارت آرٹس کونسل نیو کراچی میں سرکاری بلدیاتی اسکولوں کے طلباء و طالبات میں نصابی کتابوں اور اسکول بیگز کی تقسیم کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر امیر ضلع شمالی جماعت اسلامی طارق مجتبیٰ،مونسپل کمشنرنیو کراچی ٹاؤن ایاز حمید اللہ بلوچ، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر،ڈائریکٹر ایجوکیشن سید مزمل عباس، تعلیمی کمیٹی نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین عمران فقیر،ممبران تعلیمی کمیٹی شگفتہ انیس، نصرت مسعود، طلعت عمران،وائس چیئرمین یوسی گیارہ عمران شفیق، یوسی وائس چیئرمین حنظلہ انور قریشی، سمیت اساتذہ،طلباء و طالبات، والدین اور معزیزیں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ ہم ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے گورنمنٹ اسکولوں کے طلبہ کے لیے نصابی کتب و بیگز کی مفت تقسیم کا احسن اقدام اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو وہ تعلیمی سہولیات میسر نہیں جوپرائیویٹ اسکولوں میں دستیاب ہیں، حالانکہ ماضی میں انہی سرکاری اسکولوں سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے قابلِ فخر سپوتوں نے تعلیم حاصل کیں اور ملک و قوم کا نام روشن کیا۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ طبقاتی نظامِ تعلیم نے قوم کو تقسیم کر دیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں امیر و غریب کے لیے یکساں تعلیمی نظام رائج کیا جائے۔ سندھ میں بڑی تعداد ایسے بچوں کی ہے جو غربت کے باعث تعلیم سے محروم ہیں۔ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس نے پاکستان کو جنم دیا اور تعلیم ہی انسانوں میں اچھے برے کا شعور پیداکرتی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندے تعلیمی میدان میں حقیقی انقلاب برپا کر رہے ہیں۔یو سی 10، الیون جی میں واقع شیخ سعدی اسکول عدم توجہی کے باعث جرائم پیشہ عناصر کا گڑھ بن چکا تھااور تعلیمی سلسلہ ختم ہو چکا تھا۔ ہماری کوششوں سے اس عمارت کو ازسرِ نو تعمیر کیا گیا ہے اور بہت جلد وہاں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ نیو کراچی ٹاؤن میں ہم نے سڑکوں، پارکوں، سیوریج، پانی اور واٹر پارک سمیت دیگر بنیادی سہولیات پر کام کیا ہے، مگر ہماری اصل توجہ تعلیم پر مرکوز ہے۔ ہم سرکاری اسکولوں کو اس معیار پر لائیں گے کہ وہ نجی اسکولوں کا مقابلہ کر سکیں اور والدین اعتماد کے ساتھ اپنے بچوں کو ان اداروں میں داخل کروائیں۔
تقریب کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے آرٹس کونسل نیو کراچی سے متصل میدان میں شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے اور نیو کراچی ٹاؤن کی ترقی اور ہرا بھرا رکھنے کے لئے دعائیں کیں۔