منگھوپیر ٹاؤن میں جشن آزادی کی مناسبت سے ملاکھڑے کا انعقاد

منگھوپیر ٹاؤن میں جشن آزادی کی مناسبت سے ملاکھڑے کا انعقاد

کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں 14 اگست معرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی ملاکھڑے کا انعقاد کیا گیا، جو نہ صرف عوامی شرکت کے اعتبار سے نمایاں رہا بلکہ سیاسی و سماجی شخصیات کی موجودگی نے بھی تقریب کی اہمیت کو اجاگر کر دیا۔ یہ پروگرام گرم چشمہ کے قریب واقع فٹبال گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جہاں شہریوں، بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس ثقافتی کھیل سے خوب لطف اٹھایا۔

نثار احمد کھوڑو نے تقریب میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "منگھوپیر ٹاؤن میں یومِ آزادی کی تقریبات کو مقامی ثقافت سے جوڑ کر منانے کا یہ اقدام نہایت قابلِ تحسین ہے۔ حاجی نواز علی بروہی کی قیادت میں عوامی شعور، ثقافتی ورثے اور نوجوانوں کی فلاح کے لیے جو کوششیں ہو رہی ہیں، وہ قابلِ فخر  ہیں۔ ملاکھڑا جیسے پروگرام صرف تفریح نہیں بلکہ ہماری شناخت کا اظہار ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ ایسے عوامی و ثقافتی اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے، اور آج یہاں آ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے۔

کہ ہماری مقامی قیادت، بالخصوص حاجی نواز علی بروہی جیسے باعمل اور مخلص نمائندے، اپنی روایتوں کو زندہ رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کا حقیقی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔”

ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن نے تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا "منگھوپیر ٹاؤن میں ملاکھڑا جیسے ثقافتی ایونٹ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کی مقامی قیادت عوامی جذبات اور روایتوں سے بخوبی واقف ہے۔ ایسے مثبت، صحت مند اور پرامن پروگرامز نہ صرف مقامی سطح پر خوشگوار فضا کو جنم دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو بھی مفید سرگرمیوں کی طرف مائل کرتے ہیں۔ حاجی نواز علی بروہی کی ذاتی دلچسپی، عوامی جڑت اور مسلسل متحرک کردار قابلِ تعریف ہے۔ میں نے آج کی تقریب میں عوام کا جوش، بچوں اور بزرگوں کی شرکت اور مقامی ثقافت کا رنگ دیکھا، تو واقعی دل خوش ہو گیا۔ مجھے یقین ہے کہ اگر اسی طرح کے بامقصد اقدامات کا سلسلہ جاری رہے تو کراچی کے مختلف علاقوں میں مثبت تبدیلی ممکن ہے۔اسی جذبے کے ساتھ سب کام کرے تو کراچی کا ہر علاقہ خوشحال، فعال اور پُرامن بن سکتا ہے۔”

اس تقریب کے روحِ رواں منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی تھے، جنہوں نے اس شاندار تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے خود تمام انتظامات کی نگرانی کی۔ حاجی نواز علی بروہی کی قیادت میں منگھوپیر ٹاؤن میں ثقافتی اور ترقیاتی سرگرمیاں مسلسل فروغ پا رہی ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ عوام کی بہتری، نوجوانوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے، اور علاقے کی شناخت کو نمایاں کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ ملاکھڑا اس وژن کا ایک روشن مظہر تھا، جس نے عوامی سطح پر مثبت تاثر پیدا کیا۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ویسٹ 2 زاہد علی بھٹی، پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد حسین ستی، انفارمیشن سیکریٹری علی اکبر کاچھیلو، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن (PYO) ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر اختر لنڈ، وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، اعظم مینگل، شکور مینگل، جاوید بروہی اور شبیر بروہی سمیت دیگر معزز مہمانانِ گرامی نے بھی شرکت کی۔

تمام مہمانوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے صحت مند، مثبت اور ثقافتی پروگرامز نہ صرف علاقے کے ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو مفید سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں۔

حاجی نواز علی بروہی نے مزید کہا کہ ملاکھڑا نہ صرف ایک روایتی کھیل ہے بلکہ ہماری ثقافت کا نشان بھی ہے، جسے زندہ رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے میڈیا  گفتگو کرتے ہوئے کہا:”یومِ آزادی محض پرچم کشائی تک محدود نہیں، بلکہ یہ ہماری تاریخ، ثقافت اور قوم کی روح کو زندہ کرنے کا دن ہے۔ منگھوپیر ٹاؤن میں آج کا ملاکھڑا اس بات کی علامت ہے کہ ہم اپنی روایت سے جُڑے ہیں اور نوجوان نسل کو اپنی شناخت سے روشناس کروا رہے ہیں۔ آئندہ بھی ایسے ثقافتی اور بامقصد پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔”

پروگرام کے اختتام پر "پاکستان زندہ باد” اور "پیپلز پارٹی زندہ باد” کے نعروں نے گراؤنڈ کو گونجا دیا۔ شرکاء نے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر بھرپور مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن آئندہ بھی اس طرح کی تقاریب سے روشنی پھیلاتا رہے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں