لاہور:سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔
کانفرنس میں بلوچستان سے آنے والے پرامن احتجاجی قافلے، سیاسی مذاکرات اور بین الصوبائی رابطوں کے حوالے سے اہم نکات زیر بحث آئے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان سے آنے والے قافلے نے پرامن احتجاج کیا اور تمام کارکنوں کا پرجوش خیرمقدم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اپنے مطالبات پنجاب حکومت کے سامنے رکھ دیے ہیں اور ان کے حل کے لیے بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کیلئے مذاکراتی عمل پر مکمل یقین رکھتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح ہدایت تھی کہ احتجاج کرنے والوں کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو، اور انہیں عزت و احترام سے سنا جائے۔جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لیے ایک وفاقی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو تمام نکات کا جائزہ لے گی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی راہ ہموار کرے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت بلوچستان کے مسائل کو سنجیدگی سے دیکھتی ہے اور ان کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی بلوچستان کے عوام کے دکھ اور مسائل کو اپنا دکھ سمجھتی ہیں، اور پنجاب حکومت مہمان نوازی اور بین الصوبائی بھائی چارے کے اصول پر کاربند ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی فریقوں کے درمیان رابطے اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے کیونکہ پاکستان کی بہتری اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے