کراچی: وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات کے تحت پاکستان ریلوے کراچی ڈویژن نے کراچی ریلوے اسٹیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، مسافر دوست اور عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ کرنے کے منصوبے پر عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
اسی سلسلے میں آج ایک معروف و مستند فرم کے ماہرین و کنسلٹنٹس نے کراچی اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔اس دورے کے دوران ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کراچی، محمود الرحمان لاکھو، ڈپٹی ڈی ایس فرحان اعوان، ڈپٹی ڈی ایس آپریشن حامد فاروق قریشی، ڈی ایم او ڈاکٹر عبدالصمد، ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ حافظ بدرالعرفین اور ایس پی ریلوے جاوید خان موجود تھے۔
اس موقع پر اسٹیشن کے ویٹنگ ہالز، پلیٹ فارمز، واش رومز، مسافروں کے بیٹھنے کے مقامات اور مجموعی ماحول کو جدید، ایئرکنڈیشنڈ، دلکش اور خوشگوار بنانے کے منصوبے پر تفصیلی بات چیت اور جائزہ لیا گیا تاکہ مسافر کراچی اسٹیشن پر داخل ہوتے ہی آرام، صفائی اور اعلیٰ معیار کی سہولیات سے متاثر ہوں۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ محمود الرحمان لاکھو نے کہا کہ وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کے وژن کے تحت ہم کراچی اسٹیشن کو پاکستان کا ایک مثالی ماڈل اسٹیشن بنانے کے لیے تیز رفتاری سے کام کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ پاکستان ریلوے کا ہر مسافر عالمی معیار کی سہولتیں دیکھے اور ایک خوشگوار تجربے کے ساتھ سفر کرے۔
کنسلٹنٹس نے اسٹیشن کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کرکے ضروری معلومات اور نکات اکٹھے کیے، جن کی بنیاد پر وہ اپنا ڈیزائن تیار کریں گے۔ بعد ازاں یہ ڈیزائن پاکستان ریلوے کو پیش کیا جائے گا، جسے بغور جانچنے اور تجزیہ کرنے کے بعد حتمی منظوری دی جائے گی۔