دوران بارش کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا ئے گا:فراز حسیب
کراچی: چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے بارشوں کے پیش نظر لیاقت آباد10 نمبر تا فرنیچر مارکیٹ کا دورہ کیااورٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے مسائل کا بغور جائزہ بھی لیا۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا لیاقت آباد کی مرکزی سڑک پر کھڑی گاڑیاں ٹریفک کے بہاؤ میں شدید خلل کا باعث بن رہی ہیں،ٹریفک پولیس سے بارہا اس مسئلے پر بات کی گئی لیکن مسئلہ جوں کا توں ہے، آدھی سے زائد سڑک ان گاڑیوں کی وجہ سے گھری رہتی ہے جس کے سبب عوام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس صورتحال پر چیئرمین فراز حسیب نے ڈی آئی جی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو فوری طور پر ہٹایا جائے ورنہ ٹاؤن انتظامیہ کے زریعے کاروائی عمل میں لائی جائے گی،چیئرمین فراز حسیب نے بارش کے پانی سے بننے والے گڑھوں اور سڑکوں کی خستہ حالی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی کہ تمام متاثرہ سڑکوں کا سروے کر کے فوری مرمت کا عمل شروع کیا جائے۔ دوران بارش کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
انہوں نے محکمہ سینی ٹیشن کو ہدایت دی کہ معمول کی صفائی میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہ کی جائے اور نالوں، چوکنگ پوائنٹس،شاہراوں اور گنجان آباد علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اس موقع پر فراز حسیب نے واضح کیا کہ جہاں کہیں بھی بارش کا پانی جمع ہو رہا ہو، وہاں فوری طور پر نکاسی آب کے مؤثر اقدامات کیے جائیں،ہم شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔لیاقت آباد ٹاون انتظامیہ کی مربوط حکمت عملی کی وجہ سے عوام کو د وران برسات مکمل ریلیف فراہم کیا جائیگا تاکہ اہلیان لیاقت آباد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
