کراچی: چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر نے وائس چیئرمین محمد نعمان صدیقی کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر 2، ناظم آباد نمبر 3 کا دورہ کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر سینی ٹیشن ظہیر احمد، ایکس ای این واٹر بورڈ ظفر ملک، یوسی چیئرمین بھی موجود تھے۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں نے چیئرمین سید محمد مظفر کو آگاہ کیا کہ یوسی 2 میں سیوریج لائنیں بوسیدہ ہوچکی ہیں اور ان سے پانی رس رہا ہے، جس سے مختلف مقامات پر گندہ پانی جمع ہورہا ہے، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں دشواری پیش آرہی ہے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو اس مسئلے کے حل کے لئے بارہا مطلع کیا گیا ہے، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
اس پر چیئرمین سید محمد مظفر نے عوام کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شکایات متعلقہ حکام تک پہنچا دی گئی ہیں اور ان کا حل نکالا جائے گا۔
چیئرمین سید محمد مظفر نے موقع پر موجود افسران کو سیوریج کے مسئلے کے حل کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور علاقہ مکینوں کو یقین دہانی کرائی کہ سیوریج کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ناظم آباد ٹاؤن کی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ایکس ای این واٹر بورڈ ظفر ملک نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام شکایات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور علاقے کے مسائل خصوصاً نکاسی آب اور بارشوں سے پیدا ہونے والی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ناظم آباد ٹاؤن کی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک ہے، اور تمام بلدیاتی سہولیات عوام تک شفاف انداز میں پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
