کراچی: میونسپل کمشنر جناح ٹاؤن رئیس الٰہی بخش بانبھن نے نمائش چورنگی پر عزادارانِ حسینؑ کیلئے جناح ٹاؤن کی جانب سے لگائے گئے سبیل اور میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اراکین کونسل چیئر پرسن محکمہ انفارمیشن سعدیہ چوہدری، چیئرمین ہیلتھ کمیٹی رحیم مہاراج، چیف میڈیکل افسر جناح ٹاؤن ڈاکٹر زرتاش پروین پاشا کی نگرانی میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف عزادارانِ حسینؑ کو فوری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہا۔
میڈیکل کیمپ میں عزاداری میں شریک افراد کیلئے ابتدائی طبی امداد اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ سبیل اور نیازِ امام حسینؑ و شہداء کربلا کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ میونسپل کمشنر رئیس الٰہی بخش بانبھن نے کیمپ کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں موجود عملے کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کیمپ پر آنے والے عزاداران میں شربت اور نیاز بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بلدیاتی سطح پر جناح ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کئے گئے تاکہ عزاداران کو بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طبی امداد اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید موثر اور مربوط بنائی جائیں۔کیمپ پر میڈیکل ٹیم اور دیگر افسران و عملہ بھی موجود تھے۔