کراچی: محرم الحرام جیسے مقدس مہینے کی آمد کے پیشِ نظر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن، حاجی نواز علی بروہی نے ایک غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے منگھوپیر ٹاؤن کی مختلف امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ان تمام گزرگاہوں اور راستوں کا معائنہ کیا جہاں سے نواسۂ رسولؐ، امام حسینؑ کے عزاداروں کے جلوس برآمد ہوں گے۔
چیئرمین جاجی نواز علی بروہی نے موقع پر موجود انتظامیہ، افسران، انجینئرز اور دیگر متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام تر سہولیات نہ صرف بروقت بلکہ اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
امام حسینؑ کی عزاداری انسانیت کا پیغام ہے، جو ظلم کے خلاف اور حق کے ساتھ کھڑے ہونے کی علامت ہے۔ منگھوپیر ٹاؤن کا ہر اہلکار امام عالی مقامؑ کے عزاداروں کی خدمت کو اپنا فرض سمجھے۔”
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں پر روشنی کا مناسب انتظام، نکاسیٔ آب کا فوری بندوبست، کچرا اٹھانے، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت، صفائی ستھرائی، کناتیں لگانے، پینے کے پانی کی فراہمی، سیکیورٹی کے جامع انتظامات اور ایمبولینس کی موجودگی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ویسٹ، وائس چیئرمین منگوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف ؛میونسپل کمشنر آغا خلیق، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران، منگھوپیر ٹاؤن کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے انجینئرز، ٹی ایم سی کے افسران، واٹر بورڈ کے نمائندے، سیکیورٹی اداروں کے افسران اور دیگر شعبہ جات کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ ہر ادارے کو الگ الگ ذمہ داریاں سونپی گئیں اور فوری عملدرآمد کا حکم دیا گیا۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں ہر مذہبی تہوار، چاہے وہ کسی بھی مسلک یا مکتب فکر سے تعلق رکھتا ہو، پوری عقیدت، اتحاد اور بھائی چارے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ:
"ہم سب حسینی ہیں، ہم سب پاکستانی ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم امام حسینؑ کے ماننے والے ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں سب مسالک کو برابر عزت دی جاتی ہے۔ منگھوپیر ٹاؤن، اتحادِ امت کی ایک روشن مثال ہے۔”
انہوں نے عزاداروں سے گزارش کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں، اور اپنی تجاویز براہِ راست ٹاؤن آفس یا شکایتی سیل میں درج کروائیں تاکہ کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔
اس موقع پر مختلف امام بارگاہوں کی منتظم کمیٹیوں نے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کو محرم الحرام کے حوالے سے اپنے تحفظات اور ضروریات سے آگاہ کیا، جنہیں فوری طور پر نوٹ کیا گیا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات دیے گئے۔
"محرم صرف ایک مہینہ نہیں، بلکہ قربانی، صبر، انصاف، اور حق کے لیے کھڑے ہونے کا مہینہ ہے۔ ہم ان دنوں میں عزاداروں کو اعلی سطح کی سہولیات دیں گے، تاکہ وہ سکون و احترام کے ساتھ عزاداری ادا کر سکیں۔” حاجی نواز علی بروہی
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر ان انتظامات کی نگرانی کریں گے اور محرم کے دوران تمام عملے کی حاضری اور کارکردگی کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا جا رہا ہے جو تمام شکایات اور رپورٹس پر فوری ایکشن لے گا۔
منگھوپیر ٹاؤن کی عوام، بالخصوص اہل تشیع برادری نے چیئرمین بروہی کے اس اقدام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور اسے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال قرار دیا ہے۔