منگھوپیر ٹاؤن نے 2 ارب 95 کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش کردیا

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر، کراچی نے مالی سال 2025-26 کے لیے 2 ارب 95 کروڑ 97 لاکھ 46 ہزار 633 روپے کا ایک جامع، متوازن اور ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ بجٹ پیش کر دیا ہے۔ یہ بجٹ نہ صرف ایک مالیاتی دستاویز ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود، شفاف طرزِ حکمرانی اور منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی کی راہ میں ایک آہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

یہ بجٹ منگھوپیر ٹاؤن کے منتخب چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی قیادت، وژن، اور عوامی خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے، جنہوں نے ہر سطح پر شہریوں کی فلاح کو مقدم جانتے ہوئے ایک ایسا مالی منصوبہ پیش کیا ہے جس میں شہر کی حقیقی ضروریات، زمینی حقائق اور آنے والے وقت کے چیلنجز کا گہرا ادراک موجود ہے۔ اس بجٹ کی تیاری میں فنانس ٹیم، ٹیکنیکل اسٹاف، منتخب کونسلرز اور فیلڈ افسران کی مسلسل مشاورت اور محنت شامل رہی، جو اس کی شفافیت اور جامعیت کی ضمانت ہے۔

اجلاس کے دوران، جس کی صدارت چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے کی، تمام منتخب اراکین نے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے اسے عوام دوست اور متحرک بجٹ قرار دیا۔ بجٹ میں ترقیاتی اسکیموں کے لیے 91 کروڑ 40 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جس کے ذریعے سڑکوں کی ازسرِ نو تعمیر، سیوریج اور ڈرینج سسٹم کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، عوامی پارکوں کی تزئین و آرائش، کچرا کنڈیوں کی صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر ضروری بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ تمام منصوبے منگھوپیر کے ہر گاؤں، گوٹھ، بستی اور آباد علاقے کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کی بنیاد پر تشکیل دیے گئے ہیں۔

ٹاؤن کے ملازمین کی فلاح و بہبود کو بھی بجٹ میں کلیدی حیثیت دی گئی ہے، جس کے تحت تنخواہوں، پنشنز، ریٹائرمنٹ بینیفٹس، اور دیگر ملازمتی فوائد کے لیے 1 ارب 32 کروڑ 95 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ سرکاری عملے کو بغیر کسی رکاوٹ کے بروقت ادائیگیاں ممکن بنائی جا سکیں، اور وہ دلجمعی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ اس کے علاوہ مرمتی اور نگہداشت کی مد میں 28 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ متفرق اور ہنگامی اخراجات کے لیے 39 کروڑ 66 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بلدیہ کے پاس مکمل تیاری ہو۔

آمدنی کے ضمن میں، ٹاؤن کی سب سے بڑی متوقع آمدنی او زی ٹی (OZT) شیئر کی مد میں ہے، جس سے 1 ارب 86 کروڑ 63 لاکھ 78 ہزار روپے حاصل ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ ٹاؤن اپنی داخلی ذرائع آمدن یعنی Own Sources سے 38 کروڑ 10 لاکھ روپے حاصل کرنے کا ہدف رکھتا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔ یہ اضافہ نہ صرف مالی نظم و ضبط کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ منگھوپیر ٹاؤن خودانحصاری کی راہ پر گامزن ہے۔

علاوہ ازیں، ٹاؤن کو مختلف سرکاری ذرائع جیسے ٹرانزیشن فنڈ، پراپرٹی ٹیکس، پنشن گرانٹ، اور کیپٹل انکم کی مد میں بھی خاصی آمدنی حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ڈی ایم سی ویسٹ اور ڈسٹرکث کونسل سے بھی واجب الادا رقوم کی وصولی کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جو کہ 10 کروڑ روپے کی متوقع آمدنی میں شامل ہے۔

بجٹ کی منظوری کے بعد چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ بجٹ عوام کے لیے ایک تحفہ ہے جو ترقی، شفافیت اور خدمت کے عزم سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تشکیل میں ہم نے ہر طبقے، ہر علاقے اور ہر مسئلے کو مدنظر رکھا ہے تاکہ کوئی بھی فرد خود کو نظر انداز محسوس نہ کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منگھوپیر ٹاؤن کو ایک جدید، صاف، محفوظ اور فلاحی بلدیہ بنانے کے لیے ہم تمام دستیاب وسائل کا دیانتداری اور مہارت کے ساتھ استعمال کریں گے۔

انہوں نے فنانس ٹیم، افسران، منتخب نمائندوں اور تمام مشاورتی گروپوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بجٹ کی تیاری میں شب و روز محنت کی۔ چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی بحالی، اور عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے۔

ٹاؤن انتظامیہ نے اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ وسائل کے مؤثر استعمال، ایمانداری، شفاف مالی نظام، اور جدید مینجمنٹ اصولوں کو اپناتے ہوئے منگھوپیر ٹاؤن کو کراچی کی مثالی بلدیہ بنایا جائے گا، جہاں ہر شہری کو عزت، سہولت اور شراکت داری کا احساس ہو۔یہ بجٹ منگھوپیر ٹاؤن کے اس وعدے کی تجدید ہے کہ عوام کی خدمت، ترقیاتی سفر اور مالی خودمختاری کا کارواں کسی رکاوٹ کے بغیر اپنی منزل کی طرف رواں دواں رہے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں