کراچی: محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر نیو کراچی ٹاؤن آفس میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن ایاز حمید اللہ بلوچ اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس میں یوسی چیئرمینز و وائس چیئرمیز،اراکین یونین کمیٹی، ٹریفک پولیس، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کراچی الیکٹرک کارپوریشن،سینیئرڈائریکٹر ایڈمن شمعونہ صدف،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مشتاق خان،ایکس سی این M.&.E. ندیم حیدر، بی اینڈ آر، آفیسرفیصل صغیر، محکمہ باغات آفتاب احمد،ڈائریکٹر انکروچمنٹ عبید الرحمن،نیو کراچی ٹاؤن کی مساجد اور امام بارگاہوں کے منتظمین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداری جلوسوں اور مجالس کے سلسلے میں علاقے کی صفائی ستھرائی، پانی کی بلاتعطل فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات، روشنی کے انتظامات، راستوں کی ہمواری اور سیکیورٹی کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے تمام روٹس کی قبل از وقت صفائی اور سیوریج لائنز کی درستگی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عزاداران حُسین ؑکو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میونسپل کمشنرایاز حمید اللہ بلوچ نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کو ہدایت دی کہ امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں پر کچرا اٹھانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں جو صفائی کے عمل کو بروقت اور بلا تعطل جاری رکھیں۔
اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نیو کراچی ٹاؤن میں قائم مساجد و امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔K الیکٹرک انتظامیہ محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حُسین ؑ کی جانب سے نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں اور مجالس کے اوقات میں بجلی کی فراہمی جاری رکھیں تاکہ کوئی غیر معمولی واقعہ پیش نا آئے،دوران جلوس ٹریفک قوانین کے مطابق عمل درآمد کرانے کے لئے ٹریفک پولیس متبادل روڈ کی آگاہی مہم بھی چلائیں تاکہ ٹریفک جام کے مسائل درپیش نہ آئیں۔
شعیب بن ظہیر نے کہا کہ محرم الحرام کے احترام اور عوام کی سہولت کے لیے نیو کراچی ٹاؤن کے منتخب نمائندے اور ٹاؤن انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر عزادارانِ حُسین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔جلوس کے راستوں پر روشنی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں کے تعاون سے جلوسوں اور مجالس کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔شعیب بن ظہیر نے مساجد اور امام بارگاہوں کے منتظمین کو یقین دہانی کرائی کہ منتخب نمائندے ہر ممکنہ تعاون کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں ہمارے منتخب یوسی نمائندے اور ٹاؤن انتظامیہ آپ کے مسائل کو حل کرے گی۔
اجلاس میں شریک مساجد و امام بارگاہوں کے منتظمین نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں انتظامیہ نے خوش دلی سے سنا اور جلد از جلد ان پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔اختتام پر مونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے اور عزادارانِ حُسینؑ کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون سے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔