کراچی: عید الاضحیٰ کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات اور ملازمین کی مثالی کارکردگی کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف تھے۔
تقریب میں ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیرکے ساتھ بلدیاتی نمائندہگان یوسی چیئرمینز و وائس چیئرمیز عمران شفیق،عمران فقیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مشتاق خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نیو کراچی خالد شیخ،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی،محکمہ بی اینڈ آرکے افسران اشتیاق حُسین، فیصل صغیر،صفدر علی، ساجد صدیقی،محکمہ باغات کے افسران آفتاب احمد،جاوید جمال،ڈائریکٹر انکروچمنٹ عبیدالرحمن،محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیسرعقیل اختر،میڈیا کے نمائندے و دیگرٹاؤن افسران اور سینی ٹیشن اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔خصوصی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے سینی ٹیشن عملے نے عید کے تینوں دن جس جانفشانی، ذمے داری اور محنت کے ساتھ صفائی ستھرائی کے فرائض انجام دیے، وہ قابلِ تعریف اور دوسروں کے لیے مثال ہے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کی اصل طاقت اس کے محنتی اور مخلص ملازمین ہوتے ہیں۔ ادارے کی ترقی اور کامیابی انہی کی مرہونِ منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی نہایت ضروری ہے تاکہ وہ مزید لگن اور جذبے کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں۔افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے آج خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ ان محنتی ملازمین کی کارکردگی کا اعتراف اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔
چیئرمین محمد یوسف نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی اور نظام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا قیام سمجھ سے آری ہے، انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے ملازمین اور افسران برسوں سے علاقے کی گلیوں، محلّوں اور سڑکوں سے کچرا اور عید کے موقع پر آلائشیں اٹھانے کا کام کرتے آ رہے ہیں۔ ان کی کارکردگی، صلاحیت اور علاقے سے واقفیت کے مقابلے میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ٹھیکیدار بالکل بے بس اور نااہل ثابت ہوئے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین میں تعریفی اسناد اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے چیئرمین محمد یوسف کی انتظامی حکمت عملی، مقامی ملازمین کی خدمات اور حوصلہ افزائی کے اقدامات کو سراہا۔
