کراچی: عیدالاضحی کے پہلے روز چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن میں قائم مختلف آلائش کلکشن پوائنٹس اور جام چاکرو لینڈ فل سائٹ کا تفصیلی دورہ۔چیئرمین محمد یوسف نے عید الضحیٰ کے پہلے روز محکمہ سینی ٹیشن اور سندھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے جانوروں کی آلائشیں اُٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے کے کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نارتھ کراچی محمد علی،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نیو کراچی خالد شیخ و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
عید قربان کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کی حدود میں صفائی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیئرمین محمد یوسف، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی میں جاری آلائش آپریشن کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ اس سلسلے میں ٹاؤن کی تمام یوسیز میں خصوصی کلکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کی جارہی ہیں۔ ان پوائنٹس سے محکمہ سینی ٹیشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا عملہ ڈمپرزاور لوڈر کے زریعے آلائشیں بروقت اُٹھا کر جام چاکرو لینڈ فل سائٹ پر فوری منتقل کررہا ہے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کلکشن پوائنٹس پر موجود صفائی پر مامورعملے کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افسران و ملازمین یونین کمیٹی کے منتخب نمائندوں سے رابطے میں رہیں تاکہ آلائش آپریشن کو آسانی کے ساتھ کامیاب بنایا جاسکے۔متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور آلائشیں فوری طور پر اُٹھا کر علاقے کو صاف اور تعفن سے پاک رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ عید کے ایام میں صفائی اور آلائشیں اُٹھانے کے عمل کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عملے کی محنت کو سراہا اور کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر دن رات کام کر رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مقررہ پوائنٹس پر ہی ڈالیں تاکہ صفائی کا عمل متاثر نہ ہو۔دورے کے دوران عوام نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور بہتر صفائی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
