کراچی: عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور صحت وصفائی کے خصوصی انتظامات کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کے حوالے سے میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن نور حسن جوکھیو کی سربراہی میں ٹاؤن کے مرکزی دفتر میں اجلاس منعقد ہوا
اجلاس میں وائس چیئرمین عبدلرحمن موتی والا،ٹاؤن کونسل کے منتخب اراکین،سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ساؤتھ منظور احمد شیخ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد رئیسی ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن نور حسن جوکھیو کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی کے انتظامات کے سلسلے میں ایک جامع پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے قربانی کے جانورں کی آلائشیں اٹھانے اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے صدر ٹاؤن انتظامیہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو اپنی بھرپور معاونت فراہم کرے گی اس ضمن میں ٹاؤن کے متعلقہ محکموں کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں
میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن نور حسن جوکھیو کامزید کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت صدر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے مقامات پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیاجائے گا عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے صدرٹاؤن کے مرکزی دفترواقع کے آر ایس کیپٹن روڈ نزد حقانی چوک پر قائم ایمرجنسی کنٹرول روم عید کے تینوں دن فعال رہے گا جس پر فون نمبرز 99211429 – 99211390 پررابط کیا جاسکتا ہے میونسپل کمشنر نورحسن جوکھیونے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران اور عملے کو ہدایت جاری کردی گئیں ہیں کہ عیدالاضحی کی نمازسے قبل عیدگاہوں،مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں آلائشوں کو اٹھانے سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جائے اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے افسران وعملے کو پابندکیا گیا ہے کہ کسی مقام پر پانی کے رساؤکی شکایت کی صورت میں اس کے تدارک کے فوری اقدامات کئے جائیں
سندھ سالڈ ویسٹ کے ڈائریکٹر منظور احمد شیخ نے اجلاس کو بتایا کہ صدرٹاؤن کے اہم مقامات بشمول، قسمت سینما، مشام علی روڈ،اردوبازار، حبیب بینک پلازہ، مراد خان پوائنٹ،ماماپارسی اسکول،گلاس ٹاور، بوٹ بیسن ہجرت کالونی،خان چورنگی کلفٹن سمیت دیگر مقامات پر کلیکشن پوانٹس بنائے جائیں گے جہاں متعلقہ افسران اور عملہ تمام تر ضروری سامان کے ساتھ عید کے تینوں دن موجودرہیں گے.
