سندھ میں موٹرویز کی تعمیر اولین ترجیح ہے: عبدالعلیم خان

کراچی: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سندھ میں موٹرویز کی تعمیر اولین ترجیح ہے، ایم 6اور ایم10دونوں کو اکٹھا شروع کیا جائے گا، ایم6پاکستان کی شہہ رگ ہے اسے گزشتہ حکومتوں میں نظر انداز کیا گیا۔ بندرگاہ سے جوڑے بغیر موٹروے کی افادیت مکمل نہیں ہو سکتی،دونوں موٹرویز کو کراچی پورٹ سے لنک کریں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ایم6تقریبا400ارب روپے کا پراجیکٹ ہے اس میں پانچ سیکشن ہیں اور ہر سیکشن 60کلومیٹر پر مشتمل ہے اور سرمایہ کاری کے لئے اس سے بہتر کوئی منصوبہ نہیں ہو سکتا۔ ایم6کے دو سیکشن کی فنانسنگ ہو چکی ہے جبکہ تین پر بات چیت جاری ہے انشاء اللہ اگلے15دنوں میں فزیبلٹی بنا کر وزیر اعظم کو پیش کر دیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سب سے پہلے موٹروے کراچی،حیدرآباد اور حیدرآباد سکھر مکمل ہوں گی، اسی طرح اس سال این 25کراچی سے کوئٹہ پر بھی کام شروع ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ صرف صوبے کا نہیں بلکہ پاکستان کا مسئلہ ہے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہم الزام تراشی کی بجائے اپنے حصے کی بہتری لانا چاہتے ہیں میری کوشش ہے کہ سندھ کی موٹرویز کو سب سے پہلے شروع کیا جائے۔اسی طرح کاغان،ناران موٹروے کو مکمل کیا جائے۔ایک سال میں این ایچ اے کے ریونیو میں ریکارڈ حد تک اضافہ ہوا ہے جو نہ صرف اس ادارے بلکہ کسی بھی دوسرے محکمے میں نہیں ہوا،ہم این ایچ اے کا سالانہ ریونیو 64ارب روپے سے 110ارب روپے تک لا رہے ہیں اور اس اضافی رقم کو شاہراہوں کی بہتری اور نئی موٹرویز کی تعمیر پر خرچ کریں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بتایا کہ موٹروے پر خطر ناک ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے،150کلومیٹر پرنہ صرف چالان بلکہ ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے،اسی طرح ایم ٹیگ کی سہولت  کو لازمی قرار دے کر لمبی لمبی قطاروں سے بچا جا رہا ہے اور جن شاہراہوں پر موٹروے پولیس کی کمی تھی انہیں پورا کریں گے۔

اپنے دورہ کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وفاقی سیکرٹری اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی ہے اور انہیں اپنے محکمے کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ اسی طرح کراچی میں عارف حبیب کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی سے انتہائی با مقصد اور مثبت ملاقات ہوئی ہے جس میں کاروباری برادری بھی سندھ کی موٹرویز اور شاہراہوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کے لئے بھی مشترکہ ٹیم بن رہی ہے جہاں انٹرچینجز کو مزید بہتر بنائیں گے اور مزید آپشنز پر غور کیا جائے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں