کراچی: سری لنکا کے ماہر ڈاکٹر بدھیکا بھنڈارا سترہ روزہ دورے پر سفاری پارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ہتھنی مدھو بالا اور ہتھنی ملکہ کے طبی معائنے اور علاج کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور ہاتھیوں کی صحت کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ڈاکٹر بدھیکا بھنڈارا،کمیٹی ممبر یسرہ عسکری اور دیگر ڈاکٹروں نے جمعہ کو میڈیا کو بریفنگ دی، اس موقع پر ڈاکٹر بھنڈارا نے ہتھنیوں کے جاری علاج اور ان کے طبی مسائل سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر کے مطابق مدھو بالا اور ملکہ کو ٹی بی کی تشخیص مئی میں ہوئی جس کے بعد فوری طور پر ان کے علاج کا آغاز کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ دونوں ہتھنیوں کا علاج ایک بین الاقوامی پروٹوکول کے تحت جاری ہے جو دو مراحل پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں دو ماہ کا ابتدائی علاج مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں دس ماہ تک مسلسل دوا اور معائنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ڈاکٹر بدھیکا بھنڈارا کے مطابق اب تک انہوں نے پندرہ ہاتھیوں کا کامیاب علاج کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ مدھوبالا اور ملکہ بھی جلد صحت یاب ہو جائیں گی،دونوں ہتھنیوں کو ہر وقت طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور اس دوران کسی بھی فرد کو ان کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی،
سفاری پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تفریح کے لیے آنے والے شہریوں کو ہاتھیوں کو صرف بس یا مخصوص فاصلے سے دیکھنے کی اجازت ہو گی تاکہ علاج کے دوران ہتھنیوں کو آرام اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
سری لنکا کے ماہر ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ ہر دو ماہ بعد ہتھنیوں کی صحت کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے جبکہ ہر چھ ماہ بعد مکمل اسکریننگ کی جاتی ہے، اگلی اسکریننگ اور معائنہ چھ ماہ بعد کیا جائے گا، اس وقت دونوں ہتھنیوں کو تیرہ دن قبل دوا دی گئی تھی اور ان کا علاج مسلسل جاری ہے،ڈاکٹر بدھیکا بھنڈارا نے کہا کہ بیماری اگرچہ طویل ہے تاہم اگر پروٹوکول کے مطابق علاج مکمل کیا جائے تو صحت یابی ممکن ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مدھوبالا اور ملکہ کی حالت میں جلد بہتری آئے گی اور وہ مکمل صحت یاب ہو جائیں گی۔
اس موقع پر سفاری پارک کی انتظامیہ اور موجودہ ڈاکٹروں نے ہاتھیوں کے علاج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین کی نگرانی میں ہرممکن طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ یہ قیمتی جانور صحت مند ہو کر دوبارہ عوامی توجہ کا مرکز بن سکیں۔