کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت محکمہ انجینئرنگ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، ضلع وسطی کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ انجینئر ذوالفقار ابڑو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
میئر کراچی نے واضح ہدایات دی کہ شہر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت میں مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ عوام کی فلاح اور سہولت کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، پارکس کی بحالی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
اجلاس میں میئر کراچی کو جاری اور آئندہ متوقع منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اوربریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ متعدد اسکیمیں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ کچھ نئی اسکیمیں منصوبہ بندی اور تیاری کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں،میئر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں کی نگرانی کے لیے ایک مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہر میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور شہریوں کی زندگیوں کو آسان بنانے میں مدد ملے گی، خاص طور پر بارشوں سے پہلے نکاسی آب کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور اس شہر کی ترقی پورے ملک کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے لہٰذا اس میں کسی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہے، انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور دیانت داری سے ادا کریں تاکہ عوامی توقعات پر پورا اترا جا سکے،ترقیاتی منصوبوں میں شامل اہم اسکیموں میں سڑکوں کی مرمت، فلائی اوورز کی تعمیر، سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم کی بہتری، شجر کاری اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہیں،
اس موقع پر مختلف علاقوں میں درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا، میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مشن ہے جسے پورے خلوص اور لگن کے ساتھ مکمل کیا جانا چاہیے، میئر کراچی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر کو ایک جدید، ترقی یافتہ اور صاف ستھرا شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
