ٹریفک وانین کی خلاف ورزیوں پر 9 اپریل 2025 سے شروع ہونے والے کریک ڈاؤن میں اب تک 23,591 موٹر سائیکلیں ضبط
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ غیر قانونی فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، اور دیگر ممنوعہ ترامیم پر 1813 گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہیوی اور لائٹ ٹرانسپورٹ کی 390 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں، 359 گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کی گئی،صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف شروع کی گئی خصوصی مہم پوری قوت اور مستقل مزاجی کے ساتھ جاری ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی، شہریوں کا تحفظ، اور قانون کی بالا دستی حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ٹریفک کی بدانتظامی، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، کم عمر ڈرائیورز اور دیگر خطرناک عوامل شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کو یا تو راہِ راست پر لایا جائے گا، قانون شکنی کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جا رہا ہے، حکومت سندھ اس مہم کو وقتی نہیں بلکہ ایک مستقل اصلاحی تحریک بنانا چاہتی ہے،عوام اس مہم کا حصہ بنیں، قانون پر عمل کریں، اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں کہ وہ ذمہ دار شہری بنیں۔
