پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا اور مؤثر انداز میں کارروائی کی، آپریشن کے نتیجے میں تمام 10 خوارج واصل جہنم ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ کیپٹن حسنین اختراپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے مادرِ وطن پر قربان ہوئے اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔
کیپٹن حسنین ایک نڈر اور بہادر افسر تھے،اپنے جرات مندانہ اور دلیرانہ فیصلوں کی وجہ سے جانے جاتے تھے اور کئی کامیاب آپریشنز میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے تھے۔
