کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ قراردادِ مقاصد پر اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ 3 مارچ 1947 کا دن سندھ بلکہ پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن باب ہے، 3 مارچ 1947 تاریخ کا وہ سنہری دن ہے جب سندھ اسمبلی نے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی،3 مارچ 1949 کو پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی نے قراردادِ مقاصد (Objective Resolution) منظور کی، جو پاکستان کے آئینی، جمہوری اور سیاسی اصولوں کی بنیاد بنی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ قرارداد پاکستان میں اسلامی اقدار کو آئینی تحفظ دینے، جمہوری روایات کو مستحکم کرنے اور عوام کی خودمختاری کو یقینی بنانے کا ایک تاریخی عہد تھا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قراردادِ مقاصد کو پاکستان کے آئین، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے سنگِ میل قرار دیا،پاکستان کے لیے 3 مارچ کا دن آئین کی بالادستی، جمہوری استحکام اور عوام کے حقوق کے تحفظ کی علامت ہے۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے سب سے پہلے پاکستان کے حق میں آواز بلند کی،سندھ نے ہمیشہ قیام پاکستان اور اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔سندھ اسمبلی کا پاکستان کے حق میں فیصلہ، تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
