کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2025 سکھر چیپٹر (II) کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سیکریٹری ثقافت، کمشنر سکھر، ڈی آئی جی سکھر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتایا کہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2025 سکھر چیپٹر 25 فروری سے آئی بی اے یونیورسٹی، سکھر میں منعقد ہوگا۔ اس فیسٹیول میں 30 سے زائد سیشنز رکھے گئے ہیں، جس میں ملک بھر سے نامور ادیب، شاعر، اور فنکار شرکت کریں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ڈی آئی جی سکھر کو ہدایت کی کہ فیسٹیول کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کمشنر سکھر کو ہدایت کی کہ شہر کی سڑکوں کی مرمت اور خوبصورتی کے کاموں کو مکمل کیا جائے تاکہ شرکاء کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ "پاکستان لٹریچر فیسٹیول ادب، فن، اور ثقافت کا ایک شاندار مظہر ہوگا۔
چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ہم تمام مہمانوں کے لیے ایک محفوظ اور پُرمسرت ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں،” چیف سیکریٹری سندھ نے کہا۔فیسٹیول میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا پُرجوش استقبال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول ایک اہم ادبی پلیٹ فارم بن چکا ہے جو علمی مباحثوں، ثقافتی تبادلوں اور فنکارانہ اظہار کو فروغ دیتا ہے اور پاکستان کے فکری و ثقافتی منظرنامے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
